ریاض۔22 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) مسجد حرام وہ مقدس مقام ہے جہاں اگر بدترین دشمن بھی پناہ لے تو وہ محفوظ و مامون سمجھا جاتا ہے لیکن کچھ ایسے بدبخت اور فاترالعقل لوگ آج بھی موجود ہیں جو اس مقدس مقام کی حرمت کا کوئی پاس نہیں رکھتے۔اس نوعیت کا ایک واقعہ کچھ عرصہ قبل اس وقت پیش آیا جب ایک نامعلوم شخص نے مسجد حرام میں حفاظت پر مامور ایک اہلکار پر پے در پے خنجر کے وار کر کے اسے شدید زخمی کر دیا گیا تھا۔ زخمی ہونے والے سیکیورٹی اہلکار کی شناخت شاھر الحتیرشی الھذلی کے نام سے ہوئی جسے بعد ازاں مکہ مکرمہ کے ایک ملٹری دواخانہ مین علاج کے لیے داخل کیا گیا۔ الھذلی اب تیزی کے ساتھ روبہ صحت ہے۔ اس نے بستر علالت پر "العربیہ ڈاٹ نیٹ” خصوصی گفتگو کرتے ہوئے اپنے ساتھ پیش آئے واقعے کی تفصیلات بتائیں۔ اس نے کہا کہ میں معمول کے مطابق حرم میں سیکیورٹی کے فرائض انجام دے رہا تھا کہ اچانک ایک شخص نے پیٹھ سے مجھ پر خنجر کے پے درپے تین حملے کیے جس کے نتیجے میں مَیں گر پڑا۔ کچھ ہی فاصلے پر موجود میرے دوسرے ساتھیوں نے مجھے سنھبالنے کے ساتھ ساتھ حملہ آور کو بھی قابو کر لیا۔