مکہ معظمہ 2 ؍ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) حرم شریف میں اب غیر عرب مصلیوں اور عازمین کے لئے جمعہ کے خطبہ کا راست ترجمہ پیش کیا جائیگا ۔ شاہ عبداللہ پروجیکٹ کے حصہ کے طور پر امام کعبہ کے خطبہ کا ترجمہ انگلش اور اردو میں ماہر مترجمین کی خدمات کے ذریعہ پیش کیا جائیگا ۔ مصلیوں کو حرم شریف کے حکام کی جانب سے نماز سے قبل اردو اور انگلش کے ہیڈ سیٹس اور آڈیو ڈیوائس فراہم کئے جائیں گے ۔ یہ ڈیوائس ایف ایم فریکیوینسی سے مربوط رہیں گے ۔ امام کعبہ عبدالحفیظ الشہباتی کے خطبہ کو اردو اور انگلش میں پیش کیا جائیگا ۔ خادم حرمین شریفین کی جانب سے یہ سہولت فراہم کی جا رہی ہے ۔ کنگ فہد گیٹ کے علاقہ میں ترجمہ کی سرویس اور ہیڈ سیٹس مصلیوں کو دیئے جائیں گے ۔ حرمین شریفین امور کے صدر شیخ عبدالرحمن السدیس کی خصوصی دلچسپی کے باعث ترجمہ کی سہولت فراہم کی گئی ہے تاکہ بیرونی شہری اپنی مادری زبان میں خطبہ سماعت کرسکیں ۔ مسجد نبوی مدینہ منورہ میں بھی جمعہ کے خطبہ کا ترجمہ اردو میں پیش کیا جا رہا ہے ۔ مکہ معظمہ میں ترجمہ کی سہولت شاہ فہد باب الداخلہ کے قریب حرم کے جنوبی حصہ میں دستیاب رہے گی ۔