حرمین شریفین اردو میں خطبہ جمعہ

مکہ معظمہ ۔ 21 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) حرمین شریفین کے امور کی مجلس صدارت کے سربراہ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے کہا ہیکہ فرانسیسی اور مالاوی زبانوں میں خطبات جمعہ دینے کیلئے ان دونوں زبانوں کے خطیب فراہم کئے جائیں گے۔ چند ہفتوں سے خطبہ جمعہ کے انگریزی اور اردو ترجمے فراہم کئے جانے لگے ہیں۔ مجلس صدارت نے کہا کہ وہ تمام مسلمانوں کی خدمت اور انہیں اپنی زبانوں میں خطبہ کے ترجمے فراہم کرنے کی کوشش کررہی ہے تاکہ ہر کوئی خطبہ جمعہ کو سمجھ سکے۔ فی الحال صرف ملک فہد توسیعی پراجکٹ کے احاطہ میں موجود افراد کو ترجمہ کی سہولت حاصل ہے جہاں انہیں خطبہ جمعہ کے آغاز سے قبل خصوصی ہیڈفونس فراہم کئے جارہے ہیں جن کے ذریعہ وہ اپنی زبان میں خطبہ کی سماعت کرسکتے ہیں۔ مترجمین کو ترجمہ کے آلات کے ساتھ بوتھس پر تعینات کیا گیا ہے۔