حد سے زیادہ توقعات شادی میں رکاوٹ کا سبب

ہمارے یہاں موجودہ معاشرے میں تاخیر سے شادی کرنے کا رحجان فروغ پارہا ہے ۔ تمام والدین کی یہی خواہش ہوتی ہے کہ ان کی بیٹی کو کوئی برسر روزگار رشتہ ملے مگر ان کی توقع کے مطابق رشتہ ملنے میں بھی تاخیر ہوجاتی ہے ۔ شادیوں میں تاخیر کی ایک اہم وجہ لڑکا اور لڑکی دونوں کے والدین کے معیار اور حد سے بڑھی ہوئی توقعات اور امیدیں ہیں ۔

والدین اپنی اولاد کیلئے بہتر سے شریک حیات کی تلاش کرنے کی جستجو میں کئی معقول اور قابل قبول رشتے ٹھکرا دیتے ہیں۔ نتیجے میں بچوں کی عمر بڑھتی جاتی ہے لیکن ان کا معیار نہیں ملتا ۔ یہاں تک کہ لڑکوں اور لڑکیوں کی عمریں زیادہ ہوجاتی ہیں۔ تب جاکر والدین کو اپنی غلطی کا احساس ہوتا ہے مگر تب تک بہت دیر ہوچکی ہوتی ہے اور موزوں رشتے ہاتھ سے نکل چکے ہوتے ہیں ۔ شادی میں تاخیر کی ایک اہم وجہ جہیز اور شادیوں میں بے جا اخراجات بھی ہیں۔ان کی پسند کی لڑکی یا لڑکا ڈھونڈنے میں مصروف ہوجاتے ہیں اس طرح زندگی کے کچھ اور بیش قیمتی سال رائیگاں ہوجاتے ہیں ۔ والدین کا فرض ہے کہ وہ اولاد کو پڑھائیں ان کی ترتیب کریں اور مناسب وقت پر ان کی شادی کریں کیونکہ اسی میں معاشرے کی بھلائی ہے اور دینی اعتبار سے بھی اسی میں فلاح ہے ۔