مارچ کے دوسرے ہفتہ میں قرعہ اندازی متوقع ، پروفیسر ایس اے شکور اسپیشل آفیسر حج کمیٹی کا بیان
حیدرآباد ۔ 8 ۔ فروری (سیاست نیوز) حج 2017 ء کیلئے تلنگانہ بھر سے 20715 درخواستیں داخل کی گئی ہیں جو گزشتہ سال کے مقابلہ میں 3000 زائد ہیں۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ 70 سال سے زائد عمر کے محفوظ زمرہ میں 725 اور مسلسل چوتھی مرتبہ درخواست داخل کرنے کے دوسرے محفوظ زمرہ میں 2365 درخواستیں داخل ہوئی ہیں۔ دونوں محفوظ زمروں کے تحت جملہ 3090 درخواستیں داخل کی گئیں اور عام زمرہ میں 17625 درخواستیں داخل ہوئیں۔ حیدرآباد سے 13560 درخواستیں داخل کی گئیں جبکہ گزشتہ سال بھی حیدرآباد سے 13000 درخواستیں آئی تھیں۔ نظام آباد سے 1040 اور سب سے کم 2 درخواستیں پروفیسر جئے شنکر بھوپال پلی ضلع سے داخل کی گئیں۔ 31 اضلاع سے داخل کی گئیں درخواستوں کی گنتی مکمل کرلی گئی ہے اور سنٹرل حج کمیٹی کو آن لائین داخل کرنے کا کام جاری ہے۔ ریکارڈ تعداد میں درخواستوں کی وصولی کو دیکھتے ہوئے بہت کم نشستوں کیلئے قرعہ اندازی کا امکان ہے ۔ حکومت نے جاریہ سال حج کوٹہ میں 20 فیصد اضافہ کا فیصلہ کیا جس کے تحت تقریباً 600 تا 800 نشستوں میں اضافہ ہوگا۔ گزشتہ سال تلنگانہ کیلئے حج کوٹہ 2532 تھا اور اگر جاریہ سال بھی یہی کوٹہ مقرر کیا جاتا تو محفوظ زمرہ کی درخواستیں اصل کوٹہ سے زائد آچکی ہیں اور عام زمرہ کے بجائے محفوظ زمرہ کے عازمین کے انتخاب کیلئے قرعہ اندازی کرنی پڑتی ۔ توقع کی جارہی ہے کہ جاریہ سال اضافہ کوٹہ کے ساتھ 3200 تک نشستیں الاٹ ہوں گی اور 100 تا 150 نشستوں کیلئے قرعہ اندازی ہوگی۔ تلنگانہ حکومت مرکز سے 2000 نشستوں کا خصوصی کوٹہ حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ حج کمیٹی سے کم خرچ پر بہتر سہولتوں کے ساتھ حج کی ادائیگی کے باعث درخواستوں کی تعداد میں ہر سال اضافہ ہورہا ہے۔ محفوظ زمرہ جات کیلئے بھی درخواستوں کی تعداد میں جاریہ سال اضافہ دیکھا گیا۔ اگر یہی صورتحال رہی تو آئندہ سال محفوظ زمرہ میں قرعہ اندازی کرنی پڑے گی۔ دونوں زمروں کی درخواستوں کو قرعہ اندازی کے بغیر ہی منتخب قرار دیاجاتا ہے ۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ سنٹرل حج کمیٹی نے قرعہ اندازی کی تاریخ کا ابھی اعلان نہیں کیا ہے ۔ تاہم توقع ہے کہ مارچ کے دوسرے ہفتہ میں قرعہ اندازی ہوگی۔