حج کیمپ کے انتظامات کیلئے تیاریوں کا آغاز

29اگست تک تمام کاموں کو مکمل کرنے کنٹراکٹرس کو ہدایت
حیدرآباد ۔ 17 ۔ اگست (سیاست  نیوز) حج 2015 ء کیلئے 31 اگست سے شروع ہونے والے حج کیمپ کی تیاریوں کا آج سے آغاز ہوگیا۔ حج کیمپ کیلئے شیڈ کی تیاری اور دیگر انتظامات کیلئے ہنگامی طور پر کام کا آغاز کردیا گیا ہے۔ چونکہ حج کیمپ کے آغاز کیلئے وقت کافی کم ہے، لہذا انتظامات کی ذمہ داری سے متعلق کنٹراکٹر کو ہدایت دی گئی کہ وہ 29 اگست تک کیمپ کے انتظامات مکمل کرلیں۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ حج کیمپ کے انتظامات کے سلسلہ میں چار اہم کاموں کو ٹنڈرس کے ذریعہ منظوری دی گئی جن میں عازمین حج کو ویزا کی سربراہی ، سپلائینگ کمپنی، مینٹننس اور گاڑیوں کی سربراہی شامل ہیں۔ محکمہ نے ٹنڈرس کی منظوری کے سلسلہ میں کمیٹی تشکیل دی تھی اور اس کمیٹی نے سب سے کم تخمینہ داخل کرنے والے ٹنڈر گزار کو کام الاٹ کیا ہے۔ دلچسپ بات تو یہ ہے کہ سپلائینگ کمپنی کیلئے گزشتہ سال سے کم شرح پر ٹنڈر الاٹ کیا گیا۔ ایک سپلائینگ کمپنی نے صرف 4.5 لاکھ کا ٹنڈر داخل کیا تھا جسے منظوری دی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ سال سپلائینگ کمپنی کیلئے 7 لاکھ سے زائد کا خرچ آیا تھا۔ جاریہ سال دوسرے ٹنڈر گزار نے سب سے کم خرچ کا تخمینہ داخل کیا جس کے باعث حج کمیٹی نے احتیاطی طور پر اسے پانچ لاکھ روپئے کا ڈی ڈی حاصل کیا ہے۔ تاکہ حج کیمپ کے درمیان انتظامات میں کوئی کمی نہ رہے۔ جاریہ سال حج ہاؤز میں موجود کمروں کے علاوہ پہلی مرتبہ زیر تعمیر کمرشیل کامپلکس کی تین منزلوں کو استعمال کیا جائے گا۔ عازمین حج کی زائد تعداد کو دیکھتے ہوئے زیر تعمیر کامپلکس کے استعمال کا فیصلہ کیا گیا۔ حج ہاؤز سے متصل کھلی اراضی پر تمام ضروری امور کی تکمیل سے متعلق کاؤنٹرس قائم کئے جائیں گے اور عازمین حج کی وداعی بھی اسی علاقہ سے عمل میں آئے گی ۔ جاریہ سال عمارت کے سیلر کو وداعی تقریب کیلئے استعمال نہیں کیا جائے گا۔ 2 ستمبر سے عازمین حج کے قافلے پرواز کریں گے اور ایک ہفتہ میں روانگی کا عمل مکمل ہوجائے گا۔ 4 دن روزانہ 3 فلائیٹس روانہ ہوں گی ۔ لہذا حج ہاؤز میں عازمین حج کی تعداد گزشتہ سال کے مقابلہ زیادہ رہیں گی۔ حکومت نے حج کمیٹی کو پابند کیا ہے کہ وہ انتظامات میں کوئی کثر باقی نہ رکھیں اور تمام احتیاطی اقدامات کئے جائیں ۔ سکریٹری اقلیتی بہبود اور ڈائرکٹر اقلیتی بہبود انتظامات کی راست نگرانی کر رہے ہیں۔ اسی دوران 20 اگست کو حج کیمپ کی تیاری سے متعلق مختلف محکمہ جات کا مشترکہ جائزہ اجلاس منعقد ہوگا۔ اس اجلاس میں 22 محکمہ جات کے عہدیدار شرکت کریں گے۔ شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پر حج ٹرمنل کی تیاری کا کام شروع ہوچکا ہے۔ جاریہ سال پہلی مرتبہ جی ایم آر کے حکام حج ٹرمنل کو مکمل ایرکنڈیشنڈ کرنے اور سامان کی منتقلی کیلئے بیلٹ کی سہولت فراہم کرنے سے اتفاق کرچکے ہیں۔ جائزہ اجلاس کے بعد محکمہ اقلیتی بہبود کے اعلیٰ عہدیدار حج ٹرمنل کا معائنہ کریں گے۔