حج کیلئے عازم کا انتخاب ‘ اللہ تعالیٰ کا بڑا احسان

خاتون عازمین کا تربیتی اجتماع ‘ محترمہ سیدہ طابہ کا پراثر خطاب
حیدرآباد ۔ /21 اگست (پریس نوٹ) حج بیت اللہ کیلئے منتخب ہونا ‘ اللہ کے مہمان کا شرف حاصل ہونا ‘ ہر حاجی کیلئے یہ بہت بڑا احسان ہے ۔ ان خیالات کا اظہار محترمہ سیدہ طابہ ایڈوکیٹ نے خاتون عازمین حج کے تربیتی اجتماع سے کئے جو ان کے مکان روڈ نمبر 12 بنجارہ ہلز پر 21 اگست کو دو سیشن میں منعقد ہوا ۔ انہوں نے فضائل و مناسک حج کے علاوہ آداب زیارت روضہ نبویؐ اور سفر حج سے متعلق مختلف امور بیان کئے ۔ انہوں نے عازمین خواتین کو بی بی ہاجرہ کی طرح مضبوط ایمان والی خاتون بننے پر زور دیا جو ایمان میں پختہ ‘ بہترین بیوی اور قابل فخر ماں منتخب کی گیئں اور صفا و مروہ کو قیامت تک کیلئے نشانی بنادیا ۔ اللہ تعالیٰ چاہتے ہیں کہ خواتین بھی اپنا مقام سمجھیں اور اللہ کے پیارے بن جائیں ۔ آخر میں محترمہ سیدہ طابہ ایڈوکیٹ نے جناب زاہد علی خان ایڈیٹر سیاست کا شکریہ ادا کیا جن کی مسلسل رہنمائی اور ہمت افزائی شامل ہیں ۔ دعا پر اختتام ہوا ۔ خواتین میں احرام اور کتابچہ کی تقسیم عمل میں لائی گئی ۔ حیدرآباد کے علاوہ سنگاریڈی میں بھی عازمین خواتین کیلئے تربیتی اجتماع کا اہتمام کیا گیا تھا طالبات اور خواتین کی دونوں مقامات پر کثیر تعداد موجود تھیں جو عازمین خواتین کو مبارکباد دیتے ہوئے آئندہ بھی ایسے دینی اجتماعات کے انعقاد کی خواہش مند تھیں ۔ یہاں یہ بات بھی قابل توجہ ہے کہ خواتین کے مسائل اور ان کے حل کیلئے محترمہ طابہ ایڈوکیٹ مسلسل سرگرداں ہیں ۔