حج کیلئے آن لائن ادخال درخواست کے طریقہ کار کی تفصیلات

نظام آباد۔20 جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حج کمیٹی آف انڈیا نے سال 2015کے حج کے لئے عازمین حج کے انتخاب اور قرعہ اندازی کے لئے درکار درخواستوں کوادخال کے لئے اعلامیہ اور نمونہ درخواست فارم 19جنوری سے جاری کردیا ہے اور سارے ہندوستان میں عازمین درخواستیں داخل کرنے کا سلسلہ شروع کر سکتے ہیں۔ پہلی مرتبہ حج کمیٹی آف انڈیا نے حج کے لئے آن لائن درخواستوں کے ادخال کی سہولت بھی شروع کی ہے۔ ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی صدر شعبہ اردو گری راج کالج و بانی ’’حج کا سفر اردو ویب سائٹ‘‘ نے حجاج کرام کی سہولت کے لئے آن لائن درخواست کے ادخال کا طریقہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائٹ www.hajcommittee.com پر لاگ ان کرنے کے بعد سرورق پر ONLINE APPLICATIONلکھا ہوا نظر آئے گا اسے کلک کرنے کے بعد NEW USERآپشن نظر آئے گا جسے دبانے کے بعد آن لائن درخواست کا سلسلہ شروع ہوگا۔ درخواست گذاروں سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ آن لائن درخواست کی خانہ پری سے قبل ویب سائٹ پر دی گئی تمام شرائط پڑھ لیں جیسے درخواست گذاروں کے تازہ فوٹو‘ رہائش کا صداقت نامہ جس میں راشن کارڈ ‘ٹیلفون یا برقی بل یا بنک پاس بک کی نقل ہو۔بین الاقوامی پاسپورٹ اور اس کی خود کی دستخط شدہ نقل‘چیک یا بنک پاس بک کی نقل اور اپنا اقرار نامہ شامل ہے۔ آن لائن درخواست فارم اور فوٹو پر دستخط کے بعد آن لائن ای پیمنٹ کی رسید کے ساتھ اصل اور ایک عدد زیراکس درخواست متعلقہ ریاستی حج کمیٹیوں کورجسٹرڈ اسپیڈ پوسٹ کے ذریعے روانہ کرنے کی آخری تاریخ 20فروری منعقد کی گئی ہے۔حج درخواست کے لئے درخواست دینے والوں کے تین زمرے کئے گئے ہیں۔ محفوظ زمرہAمیں70سال سے زائد عازمین اپنے ساتھ جانے والے ہمسفر کی تفصیلات کے ساتھ درخواست داخل کریں۔محفوظ زمرہBان عازمین کے لئے ہے جو مسلسل چوتھی دفعہ درخواست دے رہے ہیں اور اب وہ محفوظ زمرے میں براہ راست منتخب قرار پائیں گے۔ اس کے لئے وہ درکار تفصیلات درخواست میں دیں۔ تیسرا زمرہ جنرل ہے جس میں دیگر تمام قرعہ اندازی کے عازمین کی درخواستیں قبول کی جائیں گی۔ آن لائن درخواست میں فی درخواست کم از کم ایک عازم اورزیادہ سے زیادہ پانچ بڑے اور دو بچے ایک کور میں درخواست دے سکتے ہیں۔ اگر اس سے زیادہ اراکین ہوں تو وہ دو کور میں درخواست دیں۔مکہ معظمہ میں رہائیش کے دو زمرے عزیزیہ اور گرین دئے گئے ہیں۔ابتدائی کالم میں انٹرنیشنل پاسپورٹ نمبر‘مقام اجرائی‘تاریخ اجرائی اور پاسپورٹ ختم ہونے کی تاریخیں پوچھی گئی ہیں۔اس کے بعد کور نمبر کے ذمہ دار درخواست گذار کا نام‘ تاریخ پیدائیش مقام پیدائیں رہایش کا پتہ اور دیگر تفصیلات دینا ہے اسی طرح کور کے تحت آنے والے دیگر عازمین کی تفصیلات پاسپورٹ کے مطابق آن لائن لکھنا ہے۔بنک اکائنٹ کی تفصیلات درج کرنے اور تمام خانوں کی خانہ پری کے بعد nextآپشن دباتے ہوئے دیگر تفصیلات کے صفحے پر جانا ہے۔ فی درخواست 300روپئے نا قابل واپسی فیس آن لائن ای پیمنٹ کے ذریعے www.hajcommittee.comپر جمع کرانا ہوگا۔ رقم جمع کرنے کے لئے ای بنکنگ یا کریڈٹ کارڈ کی سہولت سے استفادہ کیا جاسکتا ہے۔ رقم جمع ہونے کے بعد رسید آئے گی جس سے پتہ چلے گا کہ آپ کی درخواست قبول کی گئی ہے۔ آن لائن رقم جمع کرنے کے بعد رسید کی نقل حاصل کرلیں اور تکمیل شدہ درخواست فارم کی پی ڈی ایف فائل بناتے ہوئے اس کا پرنٹ حاصل کرلیں۔ پاسپورٹ نمبر ٹائپ کرنے پر ہی ای پیمنٹ آپشن اور پرنٹ اپلیکیشن آپشن آئے گا۔ حاصل شدہ درخواست فارم پر دستخط کرتے ہوئے اس کی مثنی کاپیاں معہ دستاویزات کی نقول حج کمیٹی کو اسپیڈ پوسٹ سے روانہ کریں۔ کاغذی درخواست فارم داخل کرنے والے عازمین حج ضلع حج کمیٹیوں کی جانب سے فراہم کردہ حج فارم پر کرتے ہوئے مقررہ رقم (a) SBI Bank A/c. No. 34532361460 ۔(b) UBI Bank A/c. No .318702010406010 کے کھاتے میں جمع کر سکتے ہیں۔عازمین سے گذارش کی گئی ہے کہ وہ متعلقہ حج کمیٹیوں کے ذمہ داران سے مشاورت کرتے ہوئے اپنے درخواست فارم درست طور پر داخل کریں۔ آن لائن درخواست فارم کسی بھی انٹرنیٹ سنٹر یا گھر سے داخل کئے جاسکتے ہیں۔ کسی قسم کی شکایت کے لئے حج کمیٹی کے ای میل accounts@hajcommittee.com / comp@hajcommittee.com پر رابط کیا جاسکتا ہے۔