حج کمیٹی کے ذریعہ ادائیگی عمرہ کے عنقریب مواقع

بیدر یکم ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) خانگی ایجنٹس کے ذریعہ عمرہ کو جانے والے افراد کو صحیح سہولیات فراہم نہیں کی جارہی ہیں اس طرح کی شکایات وصول ہوئی ہیں جس کے پیش نظر حج کمیٹی کے توسط سے ہی حج کیلئے جانے والے افراد کو عمرہ ادا کرنے کی سہولت فراہم کرنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ریاستی وزیر انفارمیشن اور بنیادی سہولیات و حج جناب روشن بیگ نے یہ بات بتائی۔ بنگلور منعقدہ حج و تربیتی کیمپ کا افتتاح کرتے ہوئے روشن بیگ نے بتایا کہ اس وقت حج کمیٹی کی جانب سے صرف حج سفر کیلئے ہی موقع فراہم کیا جاتا ہے جبکہ عمرہ کیلئے خانگی ٹراویلس کے توسط جانا پڑتا ہے۔آنے والے دنوں میں حج کمیٹی کی جانب سے ہی عمرہ ادا کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا تا کہ عوام خانگی ٹراویلس کے دھوکے میں نہ آئیں۔ اس تعلق سے جلد ہی فیصلہ کیا جائے گا۔ وزیر موصوف نے بتایا کہ آج 2500 عازمین حج کو تربیت دی گئی ہے۔ عازمین حج کو مدینہ میں رعایتی قیمت پر کھانا فراہم کرنے کیلئے اقدامات کئے گئے ہیں لیکن مکہ میں عازمین حج کو قیام کی سہولت فراہم کی جائے گی ۔ مکہ میں ہی ریاست کرناٹک سے تعلق رکھنے والے عازمین حج کو رہائش کی سہولت فراہم کرنے اقدامات کئے جائیں گے ۔ حج کمیٹی کے صدر جناب ایم ایچ محمود وقف کمیٹی کے صدر ڈاکٹر یوسف، حج کمیٹی کے ایگزیکٹیو آفیسر جناب انیس احمد اور دوسرے اس موقع پر موجود تھے۔ حج تربیتی کیمپ 2 دن تک جاری رہے گا۔