جدہ۔ 28؍ستمبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ بی جے پی کے دو سینئر سیاستداں جاریہ سال حج میں ہندوستان کی نمائندگی کریں گے جب کہ 13 لاکھ عازمین حج فریضہ ٔ حج کی ادائیگی کی سعادت حاصل کریں گے۔ سابق مرکزی وزیر متوطن بھوپال عارف بیگ اور قومی صدر بی جے پی اقلیتی شعبہ دہلی عبدالرشید انصاری کل جدہ پہنچیں گے۔ ’عرب نیوز‘ کی خبر کے بموجب حج کمیٹی آف انڈیا کے توسط سے ایک لاکھ سے زیادہ عازمین حج جاریہ سال حج کی سعادت حاصل کریں گے۔ ان میں سے 91 ہزار پہلے ہی سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔ ان کی صحت اچھی ہے۔ ہندوستان نے حج کے دوران ڈیوٹی کے لئے 139 ڈاکٹرس تعینات کئے ہیں۔ ہندوستانی قونصل جنرل بی ایس مبارک نے کہا کہ ہندوستانی حج وفد قبل ازیں 20 سے زیادہ ارکان بشمول وزراء، صحافی، قانون داں اور ماہرین تعلیمات پر مشتمل ہوا کرتا تھا اور مکۂ معظمہ و مدینۂ منورہ کی بہترین ہوٹلوں میں سرکاری خرچ پر قیام کرتا تھا۔ 2012ء سے یہ طریقہ سپریم کورٹ کے حکم پر ختم کردیا گیا۔ سپریم کورٹ نے حکم دیا تھا کہ سرکاری خرچ پر وسیع وفد حج کے لئے روانہ نہ کئے جائیں۔ چنانچہ گزشتہ سال کانگریس کے سینئر سیاستداں غلام نبی آزاد واحد مندوب تھے جنھوں نے حج میں ہندوستان کی نمائندگی کی تھی۔ ان کے ساتھ ہندوستان کے سفیر برائے سعودی عرب حامد علی راؤ بھی شامل ہوگئے تھے۔