تہران ۔ 2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ایران نے حج کے بارے میں مذاکرات کیلئے سعودی عرب کی طرف سے دعوت موصول ہونے کی تردید کی ہے۔ ان دونوں علاقائی حریف ملکوں کے درمیان اختلافات میں شدت کے سبب ایران کے شہریوں نے گذشتہ سال حج ادا نہیں کیا تھا۔ روزنامہ الحیات نے جمعہ کو خبر دی تھی کہ سعودی عرب کے وزیرامور حج نے حج انتظامات پر بات چیت کیلئے ایران کے بشمول 80 ممالک کو دعوت دی ہے۔ ایران میں امورحج کے ادارہ کے سربراہ حامد محمدی نے کہا کہ ’’ایران کے ادارہ حج یا وزارت خارجہ کو سعودی عرب سے کوئی دعوت نامہ موصول نہیں ہوا ہے۔ محمدی نے مزید کہا کہ ’’سعودی عرب کی طرف سے دعوت موصول ہونے کے بعد ہی ایران ان مذاکرات میں حصہ لینے پر غور کرسکتا ہے بشرطیکہ ان کیلئے سعودی عرب میں وقار اور سلامتی کی شرائط محفوظ رہیں‘‘۔ انہوں نے کہا کہ ایران اس بندھ راستہ کی کشادگی کیلئے ممکنہ مساعی کررہا ہے۔