حج مبرور کی سعادت کیلئے نیت کی درستگی ضروری

محبوبنگر /20 اپریل ( راست ) لبیک حج سوسائٹی محبوب نگر کے زیر اہتمام اتوار صبح 1 بجے رائل فنکشن ہال محبوب نگر میں عازمین حج کا تربیتی اجتماع منعقد ہوا۔ مہمان خصوصی مولانا حافظ سید روف علی قادری ملتوانی صدر مدرس دارالعلوم عربیہ کاورم پیٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ حج کا سارا سفر دعاؤں سے معنون ہے ۔ عازمین کو دوران سفر حج کے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے کی تلقین کرتے ہوئے مولانا نے کہا کہ فسق و فجور ،جھگڑا فساد ، گالی گلوج کے علاوہ شکوہ و شکایاتوں سے گریز کرنا چاہئے ۔ میزبان مقرر حافظ خواجہ فیض الدین نقشبندی ناظم دارالفتا و القضا محبوب نگر نے اپنے خطاب میں حدیث شریف کے حوالے سے کہا کہ حج مبرور کی سعادت حاصل کرنے کیلئے نیت کی درستگی مناسک حج سے واقفیت اور حلال کمائی ضروری ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ادائیگی حج کا موقع نصیب سے ملتا ہے ۔ دولت یا ثروت کی بنیاد نہیں انہوں نے عازمین حج کو سعادت حج کے موقع پر غنیمت جانتے ہوئے زیادہ تر وقت حرمین شریفین میں گذارنے کی تلقین کی اور کہا کہ خرید و فروخت کے نام پر وقت گذاری ہرگز نہ کریں ۔ مولانا نے بارگاہ رسالت مآب ﷺ میں حاضری کے آداب اور فضائل مدینہ سے متعلق تفصیلات پیش کئے ۔ صدر سوسائٹی محمد غلام غوث نے احرام باندھنے کی عملی تربیت دی ۔ جلسہ کا آغاز قاری زبیر کی قرات کلام پاک سے ہوا ۔ بارگاہ رسالت میں میں الحاج محمد عبدالغفار قادری نقشبندی نے ہدیہ نعت پیش کی ۔ اس موقع پر سید مسعود ا حمد نقشبندی ، شیخ سالم ، محمد خواجہ معین الدین ، امجد بھائی ، محمد اسمعیل نقشبندی ، سوسائٹی کے دیگر عہدیداران کے علاوہ عازمین حج کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ اختتام جلسہ پر الحاج محمد عبدالغفار قادری نقشبندی مناسک حج و عمرہ پر لکھی گئی کتاب و سی ڈی کی تقسیم عمل میں آئی جناب خواجہ معین الدین نائب صدر نے شکریہ ادا کیا ۔