آئی ہرک کا تاریخ اسلام اجلاس ۔ ڈاکٹرسید محمد حمید الدین شرفی،پروفسیرسید محمد حسیب الدین حمیدی اور دیگرکا خطاب
حیدرآباد ۔28؍اگسٹ( پریس نوٹ) دین حق اسلام کے احکام خمسہ میں پانچواں، فرائض اساسی میں چوتھا فریضہ حج شرط استطاعت کے ساتھ عمر بھر میں ایک بار مسلمان مرد و عورت پر فرض عبادت ہے۔ جن وانس کی تخلیق کا مقصد عبادت حق تعالیٰ ہے۔ اگر چہ کہ عبادت کا مفہوم وسیع تر ہے تاہم فرض عبادتوں کو ہر ایک کام پر تفوق و برتری اور فضیلت حاصل ہے جو فرائض کی اہمیت کی دلیل ہے، عبادات، نیکیوں اور اعمال صالحہ کے ذریعہ جہاں بندہ اپنے مقصد حیات کو پورا کرتا ہے وہیں قرب الٰہی کی نعمتوں اور اُخروی انعامات سے سرفراز ہو جاتا ہے۔ ہر عبادت کا اپنا منفرد اور خصوصی فیضان ہے فریضہ حج اجتماعی عبادات کا سالانہ معمول ہے جو خالص اللہ تعالیٰ معبود حقیقی کے لئے ہے اور اس کی رضا و خوشنودی کے حصول کا بہترین وسیلہ ہے حج کی فرضیت قرآن مجید سے ثابت ہے۔ احکام کے بموجب حج خاص بیت اللہ شریف اور مخصوص اماکن صفا مروہ، منیٰ، عرفات، مزدلفہ سے متعلق اور مقرر و معین ایام و اوقات اور منفرد لباس یعنی احرام کے ساتھ اختصاص رکھتا ہے۔ حج اسلامی تعلیمات کے اہم پہلو مساوات کا پر اثر مظہر اور سارے انسانوں کو ان کی یکساں حیثیت کا احساس دلاتا ہے البتہ صرف دولت ایمان سے مالا مال و مشرف سعادت مند ہی اس فریضہ کی ادائیگی کی عزت پاتے ہیں حج عبدیت، اطاعت حق تعالیٰ ، عجز و فروتنی، تسلیم و رضا سے معنون وہ عبادت ہے جس میں دیگر فرض عبادتوں کی طرح مومن و فرمانبردار بندے اپنے خالق و معبود حقیقی کی بڑائی، برتری، کبریائی، اختیار، قدرت کاملہ اور اسی ذات یکتا کے لائق عبادت ہونے کا قلبی گہرائی اور ایمانی اخلاص کے ساتھ یقین و اقرار کرتے ہیں۔علمائے کرام او ر دانشوران ِگرامی نے ان خیالات کے اظہار کے ساتھ آج صبح 9 بجے ’’ایوان تاج العرفاء حمید آباد‘‘ واقع شرفی چمن، قدیم سبزی منڈی اور 11.30بجے دن جامع مسجد محبوب شاہی ، مالاکنٹہ روڈ، معظم جاہی مارکٹ میں اسلامک ہسٹری ریسرچ کونسل انڈیا ( آئی ہرک) کے زیر اہتمام منعقدہ 1214ویں تاریخ اسلام اجلاس کے دونوں سیشنوں میں منعقدہ سالانہ موضوعی مذاکرہ ’’حج و زیارت‘‘ کے موقع پر اپنے خطابات و مقالے پیش کئے ۔ مذاکرہ کی نگرانی ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی ڈائریکٹر آئی ہرک نے کی۔قرآن حکیم کی آیات شریفہ کی تلاوت سے مذاکرہ کا آغاز ہوا۔ نعت شہنشاہ کونین ؐپیش کی گئی۔ اہل علم اور باذوق سامعین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ پروفیسر سید محمد حسیب الدین حمیدی جائنٹ ڈائریکٹر آئی ہرک نے مذاکرہ کا آغاز کرتے ہوے کہا کہ دیگر عبادات کی طرح کمال عبدیت فریضہ حج میں بھی بندہ اپنی مرضی، پسند نا پسند، آرام و سہولت، مزاج و طبعیت اور ذاتی خواہشات وغیرہ سے پوری طرح دستکش ہو کر اپنے مولیٰ تعالیٰ کے حکم کی تعمیل، اسی کی مرضی و منشاء کی تکمیل اور اسی کی رضا کے حصول کے لئے حسب فرمان، مناسک و اعمال بجا لا کر سعادتوں سے بہرہ مند ہوتا ہے جس کے نتیجہ میں بفضل الٰہی گناہوں سے مبرا ہو جاتا ہے اور گمراہی کے اندہیروں سے نکل کر مستحق انعام جنت بن جاتا ہے حاجی کا وجود ہرفکری و عملی آلودگی سے پاک و صاف ہوجاتا ہے ۔ مولانا سید محمد سیف الدین حاکم حمیدی اور جناب سید محمد علی موسیٰ رضا حمیدی نے بھی مخاطب کیا۔