حیدرآباد۔/11فبروری، ( سیاست نیوز) حج 2014ء کیلئے گذشتہ دس دن میں تقریباً 9000 عازمین حج نے درخواست فارم حاصل کئے جبکہ 1806 عازمین حج نے اپنی درخواستیں داخل کی ہیں۔ درخواستوں کے ادخال کی آخری تاریخ 15مارچ مقرر کی گئی ہے۔ تمام درخواستیں آن لائن کردی گئیں اور اس کے لئے حج کمیٹی نے زاید عملے کی خدمات حاصل کی ہیں۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ 70سال سے زاید عمر کے عازمین کے محفوظ زمرے کے تحت 58اور مسلسل تین مرتبہ قرعہ اندازی میں انتخاب سے محروم زمرے میں 155درخواستیں وصول ہوئی ہیں جبکہ 1593 درخواستیں نئے عازمین کی ہیں۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ دونوں محفوظ زمروں کے تحت آنے والے عازمین حج درخواست فارم کے ساتھ اپنا اوریجنل پاسپورٹ داخل کریں۔ اس مرتبہ عازمین حج کو حلف نامہ باؤنڈ پیپر پر دینے کی ضرورت نہیں بلکہ اسے سادہ کاغذ پر ہی قبول کرلیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب نے ہندوستان کیلئے عازمین حج کے کوٹہ کا تعین کردیا ہے اور اب سنٹرل حج کمیٹی اپنے اجلاس میں ہر ریاست کیلئے کوٹہ مقرر کرے گی۔ چونکہ ہندوستان کیلئے گذشتہ سال کے برابر ہی کوٹہ الاٹ کیا گیا ہے لہذا توقع ہے کہ آندھرا پردیش کا حج کوٹہ بھی گذشتہ سال کے برابر ہی رہے گا اور تقریباً 8400 عازمین فریضہ حج کیلئے روانہ ہوں گے۔ حج درخواستوں کی وصولی اور ان کی خانہ پُری کے سلسلہ میں حج ہاوز کے گراؤنڈ فلور پر انتظامات کئے گئے ہیں۔ والینٹرس عازمین حج سے حج فارم کی خانہ پُری میں تعاون کررہے ہیں۔ پروفیسر ایس اے شکور وقتاً فوقتاً درخواستوں کی اجرائی اور وصولی کا جائزہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے عازمین حج سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے مسائل کی سماعت کی۔