حجاج کرام کو زندگی خالص اللہ کی راہ میں گزارنے کی تلقین

بیدر۔27اکتوبر(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سفر حج سے واپسی پر بیدر ضلع کے حجاج کو مبارکباد دیتے ہوئے مولوی محمد فہیم الدین رکن شوری جماعتِ اسلامی ہند بیدر نے اپنے خطاب میں کہا کہ حاجی سفرِ حج سے جب اپنے وطنِ عزیز لوٹتے ہیں تو وہ اپنے ساتھ پیغامِ توحید اور محبت رسولؐ کے علاوہ راہ حق کے شیدائی بن کر اپنی زندگی میں آتے ہیں ۔آج بیدر شہر کی تاریخی جامع مسجد میں انجمن خام دالحجاج ضلع بیدر کی جانب سے بیدر ضلع کے امسال حج کی سعادت حاصل کرنے والے حجاج کرام کا تہنیتی پروگرام کا انعقاد عمل میں آیا۔ جناب مولوی محمد فہیم الدین نے بتایا کہ پہلے کی زندگی اور حج کرکے آنے کے بعد کی زندگی میں بہت فرق ہوتا ہے ۔حج کرنے کے بعد حاجی ایسا جیسے اپنی ماں کے بطن سے پیدا ہو تا ہے ‘ انھوں نے دین کی رسی کو مضبوطی سے پکڑنے کی تلقین کی ۔اس موقع پر الحاج محمد لئیق الدین ایڈوکیٹ سابق رکن اسمبلی نے مہمانِ حصوصی کی حیثیت سے شرکت کرتے ہوئے اپنے خطاب میں حجاج کرام سے اپیل کی کہ حج کرکے آنے کے بعد کی زندگی کو خالص اللہ کی راہ میں گزارنے اور اللہ اور رسولؐ کی فرمانبرداری میںگزاریں ۔ مولانا مونس کرمانی نے اپنے خطاب میں قرآن و حدیث کا حوالہ دیتے ہوئے حجاج کو تلقین کی کہ سفرِ حج کے بعد حاجی کی دعا مقبول اور فوری اللہ کے ہاں منظور ہوتی ہے ۔اس موقع پر حجاج کرام کو خطاب کا موقع دیا گیا اور اپنے سفرِ حج کے تاثرات بیان کرنے کیلئے کہا گیا ۔الحاج محمد اسحق جنواڑکر جو امسال سفرِ حج سے لوٹے ہیں نے سامعین کو بتایا کہ سعودی حکومت کی جانب سے خدمات تو اعلی پیمانے پر کئے گئے ہیں ۔مگر ہندوستانی حج کمیٹی کی جانب سے وہاں کوئی سہولیات فراہم نہیںکی گئیں ۔خصوصی طورپر کرناٹک اسٹیٹ حج کمیٹی کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ مدینہ میں طعام کا اہتمام کیا جائے گا مگر وہاں دیکھنے میں یہ آیا کہ حجاج تین دن تک دیکھے کہ کرناٹک اسٹیٹ حج کمیٹی کے اس اعلان پرعمل ہی نہیں ہوا اور یہ کہا گیا کہ پیسے واپس لئے جائیں ۔اس طرح کا غیر ذمہ دارانہ عمل حاجیوں کیلئے تکلیف کا باعث بنا ۔الحاج اسحق جنواڑ کر نے یہ بھی بتایا کہ حاجیوں کے صحت کے سلسلہ اور اُن کی خدمات کے سلسلہ میں حج کمیٹی کی جانب سے کوئی خادم الحجاج وہاں موجود نہیںتھا ۔ہندوستانی خادم الحجاج کی جانب سے انسانی ہمدردی تو یہاں دیکھی نہیں گئی ۔ہمیں سعودی حکومت سے کوئی شکایت نہیں ہے کیونکہ لاکھوں حاجیوں کے مجمع کی خدمات میں سعودی حکومت نے کوئی کسر باقی نہیں چھوڑی مگر حج کمیٹی آف انڈیا کا حاجیوں کے ساتھ جو سلوک دیکھا گیا ہے اُس عمل کو بدلنا ہوگا ۔انھوں نے کہا کہ ہمیں تربیت دی جاتی ہے کہ سفرِ حج کے دوران صبر کیا جائے مگر ایسا صبر جس کاکوئی پُرسان ِ حال نہیں اور نہ کوئی سننے والا ہے ۔بیدر ضلع کے حجاج کی جانب سے کرناٹک اسٹیٹ حج کمیٹی کے ذمہ داران سے گزارش کی جاتی ہے کہ آئندہ سال ایسی تکالیف حاجیوں کو نہ ہو اس بات کو ذہن میں رکھا جائے ۔اس موقع پر الحاج خواجہ عارف احمد ٹرینر سنٹرل حج کمیٹی (عادل آباد)‘اور محمد مسعود علی حج ٹرمنیل انچارج نے بھی حجاج کرام سے خطاب کرتے ہوئے مفید مشوروں سے نوازا۔ جناب سید منصور احمدقادری انجینئر معتمد خادم الحجاج ضلع بیدر نے استقبالیہ خطاب میں تمام عازمین ِ حج کا خیر مقدم کرتے ہوئے انھیں سفرِ حج سے بخیر و عافیت واپسی پر مبارکباد دی ۔ اور تمام حجاج کی گُلپوشی کی گئی ۔جلسہ کا آغاز قرا ء تِ کلام پاک سے کیا گیا ۔اس موقع پر حمد و نعتِ رسول ؐ کا نذررانہ پیش کیا گیا الحاج سید صغیر احمد ‘محمد اسلم پاشاہ قادری ‘ الحاج ایاز الحق ‘اختر محی الدین مؤظف انجینئر ‘شفیق احمد کلیم محمدغوث قریشی ‘عبدالمقتدرا تاج‘ شاہ نذیر الحسن قادری‘ محمد واجد (مبارک) ‘ الحاج سید منیر الدین احمد مؤظف محکمہ ہیلتھ موجود تھے ۔