حب الوطنی کسی ایک پارٹی کی جاگیر نہیں : شیوسینا

ممبئی 11 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) شیوسینا نے کہاکہ حب الوطنی کسی ایک پارٹی کی جاگیر نہیں اور اسی بنیاد پر کسی شخص کو مخالف قوم قرار دینا فاش غلطی ہے۔ اس کی وجہ مخالف سیاست نہیں ہے بلکہ آزادی خیال کو کچل دینا ہے۔ پارٹی کے خیالات اُس وقت سامنے آئے جب فضائی حملوں کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی جارہی تھی۔ اودھو ٹھاکرے زیرقیادت پارٹی نے بیان دیا کہ سیاستدانوں کو سمجھنا چاہئے کہ فضائی حملے دراصل فوجیوں کے فرائض میں داخل ہیں، نہ کہ کسی پارٹی کی ایماء پر اس طرح کیا گیا۔ پارٹی ترجمان ’سامنا‘ کے اداریہ میں تحریر کیا گیا کہ جو بھی فضائی حملوں کا ثبوت مانگ رہے ہیں اور وہ جو اِن حملوں پر ووٹوں کا مطالبہ کررہے ہیں دونوں غلطی پر ہیں۔ شیوسینا دراصل دہلی بی جے پی کے صدر منوج تیواری کے بیان کی جانب اشارہ کررہی تھی جو اپنی ایک حالیہ ریالی میں فوجی جنونی بیان دے چکے تھے۔ شیوسینا نے کہاکہ اُن کا یہ بیان دراصل فوجیوں اور اُن کی بہادری کی بے عزتی کے مترادف ہے کیوں کہ وہ اپنی سخت محنت شاقہ کے بعد فوجی وردی زیب تن کرتے ہیں تاکہ ملک کا دفاع کرسکیں۔ پارٹی نے کہاکہ وہ اپوزیشن پارٹیوں کے اس بیان سے پوری طرح اتفاق ہے کہ حملوں کو بی جے پی سیاسی رنگ دے رہی ہے۔ ’سامنا‘ میں یہ بھی تحریر کیا گیا کہ پلوامہ حملہ جس میں 40 جوان شہید ہوچکے ہیں، وہ فضائی حملوں سے بھی زیادہ خطرناک عمل تھا اور اس کو نظرانداز کرکے صرف فضائی حملوں کو ہی اہمیت دی گئی جو سراسر غلط ہے۔ حالانکہ ہم اپنے فوجی جوانوں کی زندگیوں کو محفوظ رکھنے میں ناکام رہے لیکن کچھ لوگ ہیں جو فوجیوں کا لبادہ اوڑھ کر اس سے سیاسی فائدہ اُٹھانے کی کوشش کررہے ہیں۔ اگر الیکشن کمیشن مداخلت کرے تو انتخابی مہم میں فوجی جوانوں کی تصاویر کو استعمال نہ کریں تو ہمارے لئے سخت ہی باعث شرم ہے۔