حیدرآباد /29 جنوری ( سیاست نیوز ) حبیب نگر کے علاقہ سے ایک لڑکی مشتبہ انداز میں لاپتہ ہوگئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ گذشتہ روز فون پر اپنے شوہر سے مبینہ طور پر بحث و تکرار کے بعد 19 سالہ سمیرہ بیگم نے یہ انتہائی اقدام کیا ۔ پولیس حبیب نگر کے مطابق لڑکی کے والد محمد شوکت ساکن سبحان پورہ نے شکایت درج کروائی ہے کہ ان کی لڑکی مبینہ طور پر اچانک لاپتہ ہوگئی ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ لڑکی کے والد کی اطلاع کے منطابق لڑکی اپنے زیورات کے ساتھ مبینہ طور پرلاپتہ ہوگئی ہے اور اس نے ایک چٹھی چھوڑی ہے جس پر اس نے لکھا ہے کہ وہ کہیں دور جارہی ہے اور اس میں کسی کا کوئی قصور نہیں وہ مرنا چاہتی ہے اور اس نے چٹھی میں بھول جانے کی درخواست کی ۔ لڑکی کے والد کے مطابق انہوں نے سمیرہ بیگم کی شادی اپنی بہن کے لڑکے فردوس سے جولائی سال 2014 میں شادی کی تھی اور شادی کے بعد سمیرہ اپنے سسرال واقع انجن باؤلی میں رہتی تھی ۔ ان دنوں سمیرہ کے سسرال والے ادائیگی عمرہ کیلئے سعودی عرب گئے ہوئے ہیں ۔ اس سلسلے میں سمیرہ اپنے مائیکے میں تھی کل رات سمیرہ کا اس کے شوہر سے مبینہ طور پر فون پر جھگڑا ہوا ۔ جس کے بعد سب سوگئے تھے ۔ صبح جب محمد شوکت نے دیکھا تو سمیرہ غائب تھی اور چٹھی برآمد ہوئی۔ پولیس حبیب نگر نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔