حالت نیند میں بلندی سے گرنے والا کمسن فوت

حیدرآباد ۔ 4 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : بیگم پیٹ اور ٹپہ چبوترہ کے علاقوں میں لاپرواہی کے سبب دو کمسن فوت ہوگئے ۔ ایک حالت نیند میں دوسری منزل سے گر گیا جب کہ دوسرا پانی گرم کرنے کے لیے لگائے گئے برقی ہیٹر کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا ۔ بیگم پیٹ پولیس کے مطابق 13 سالہ عبدالغوث جو برہمن واڑی علاقہ کے ساکن عبدالباری کا بیٹا تھا ۔ طالب علم بتایا گیا ہے وہ کل رات عمارت کی دوسری منزل پر سو رہا تھا کہ حالت نیند میں بلندی سے نیچے گر پڑا جس کو فوری ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں دوران علاج وہ فوت ہوگیا ۔ ٹپہ چبوترہ پولیس کے مطابق 14 سالہ جی ریشب جو جعفر گوڑہ علاقہ کے ساکن سنجے کا بیٹا تھا ۔ کل باتھ دوم میں رکھے ہوئے پانی کے ہیٹر کی زد میں آگیا ۔ وہ پانی کی جانچ کررہا تھا کہ برقی شارٹ کی زد میں آکر فوت ہوگیا ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔۔