حالت نشہ میں گاڑی چلانے پر 38 لاکھ روپئے کے جرمانے

جولائی کے دوران 1094 افراد کیخلاف 2559 مقدمات
حیدرآباد ۔ /2 اگست (سیاست نیوز) حیدرآباد ٹریفک پولیس کی حالت نشہ میں گاڑی چلانے والوں (ڈرنکن ڈرائیونگ) کے خلاف مہم کے نتیجہ میں 38 لاکھ 37 ہزار مجموعی جرمانہ عائد کیا گیا ۔ جاریہ سال صرف جولائی میں تیسرے اور چوتھے میٹرو پولیٹین کورٹس واقع ایرم منزل میں حالت نشہ میں گاڑی چلانے والوں کو سزا کے علاوہ لاکھوں روپئے کے جرمانے عائد کئے ہیں ۔ گزشتہ ماہ 1094 افراد کے خلاف ڈرنکن ڈرائیونگ میں ملوث ہونے پر ٹریفک پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 2559 کیسیس درج کئے گئے جن میں 1928 موٹر سائیکل سوار 228 آٹو ڈرائیورس ، 336 کار ڈرائیورس اور دیگر 67 افراد شامل ہیں اور انہیں میٹرو پولیٹین مجسٹریٹ کے اجلاس پر پیش کیا جس کے نتیجہ میں بعض افراد کو 20 دن ، 15 دن ، 12 دن اور اس سے کم دنوں کی سزاء سنائی گئی ۔ جاریہ سال اگست تک حیدرآباد ٹریفک پولیس نے حالت نشہ میں ڈرائیونگ کرنے والوں کے خلاف 10,445 مقدمات درج کئے ہیں جن میں 4823 ڈرائیورس کو عدالت نے سزاء سنائی ۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے رات کے علاوہ دن کے اوقات بھی حالت نشہ میں گاڑی چلانے والوں کے خلاف خصوصی مہم چلائی جارہی ہے جس کے تحت سینکڑؤں ڈرائیورس کو شراب پی کر گاڑی چلانے میں ملوث پایا جارہا ہے ۔