حیدرآباد ۔ /3 مارچ (سیاست نیوز) حالت نشہ میں گاڑی چلانے والوں کے خلاف عدلیہ نے سخت موقف اختیار کیا ہے جس کے نتیجہ میں جاریہ سال فبروری میں 179 شرابیوں کے لائسنس منسوخ کردیئے گئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ٹریفک پولیس کی جانب سے فبروری کے مہینے میں 2972 ڈرائیور کو حالت نشہ میں ہونے کے نتیجہ میں ان کے خلاف ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے ان کے خلاف چارج شیٹ بھی داخل کی گئی تھی ۔ عدالت نے 755 افراد کو دو تا 90 دن کی سزاء بھی سنائی تھی ۔ عدالت نے قصوروار افراد سے 64 لاکھ 22 ہزار روپئے کا جرمانہ عائد کیا تھا ۔ عدالت نے جملہ 179 افراد کے ڈرائیونگ لائسنس کو منسوخ کیا ہے جبکہ 25 ڈرائیورس کے ڈرائیونگ لائسنسوں کو مستقل طور پر منسوخ کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں ۔