حیدرآباد۔/26 اگسٹ، ( سیاست نیوز) خود کو آئی اے ایس عہدیدارکی بیٹی ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے ایک لڑکی نے ٹریفک پولیس کی ڈرنک اینڈ ڈرائیو مہم کے دوران علاقہ جوبلی ہلز میں ہنگامہ آرائی کی۔ بتایا جاتا ہے کہ 28سالہ بی گیتانجلی کو ٹریفک پولیس عملے نے روڈ نمبر 36 جوبلی ہلز پر رات دیر گئے حالت نشہ میں گاڑی چلانے والوں کے خلاف جاری خصوصی مہم کے دوران اس کی کار کو روکا اور بریتھ انالائزر کے ذریعہ جانچ کی کوشش کی۔ جس پر لڑکی نے پولیس پر برہمی ظاہر کرتے ہوئے معائنہ کرانے سے انکار کردیا اور خود کو آئی اے ایس عہدیدار کی بیٹی ظاہر کرتے ہوئے پولیس کو دھمکی دی۔ لڑکی کی اس ہنگامہ آرائی پر جوبلی ہلز ٹریفک پولیس نے متعلقہ لاء اینڈ آرڈر پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی اور بعد ازاں لڑکی کو پولیس اسٹیشن منتقل کیا۔ پولیس اسٹیشن کے احاطہ میں لڑکی کا بریتھ انالائزر کے ذریعہ معائنہ کیا گیا جس پر پولیس کو پتہ چلا کہ وہ حالت نشہ میں ہے اور اس کے خون میں 143 ملی گرام الکحل موجود ہے۔