حالت نشہ میں خاتون سے بدتمیزی کا واقعہ

ونپرتی۔/8اکٹوبر،( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حالت نشہ میں چار نوجوانوں نے ایک خاتون کو چھیڑ چھاڑ کی اور اعتراض کرنے پر شوہر کو حملہ کرکے زخمی کردیا۔ یہ واقعہ ونپرتی میں پیش آیا۔ تفصیلات کے مطابق نرسمہا نامی شخص کی بیوی بکریوں کو چرانے کے بعد شام اپنے گھر لوٹ رہی تھی راستہ میں گوتم ، کوپم، اشوک اور راجو نے شراب نوشی کرتے ہوئے اس خاتون کو دیکھ کر چھیڑ چھاڑ کی اور جنسی خواہش پوری کرنے کی مانگ کی۔ آس پاس کے لوگوں نے ان نوجوانوں کو سمجھانے کی کوشش کی پھر بھی یہ نوجوان حالت نشہ چھیڑ چھار کررہے تھے اس خاتون کے شوہر نے وہاں پہنچ کر انہیں روکنے کی کوشش کی جس پر ان نوجوانوں نے نرسمہا کے سرپر شراب کی بوتل سے وار کیا۔جس پر نرسمہا شدید زخمی ہوگیا۔ علاج کیلئے اسے محبوب نگر ایس وی ایس ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔ افراد خاندان کی شکایت پر مذکورہ نوجوانوں کے خلاف کیس درج کرلیا گیا ہے اور دو نوجوانوں کو حراست میں لینے کی پولیس نے اطلاع دی ہے۔

ضلع کڑپہ میں چیف منسٹر چندرا بابو
نائیڈو کا دورہ
حیدرآباد۔/8اکٹوبر،( سیاست نیوز) صدر تلگودیشم پارٹی و چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو 14اکٹوبر کو ضلع کڑپہ کا دورہ کریں گے اور وہاں سب سے پہلے ریلوے کوڈور، کملاپورم میں جنم بھومی اور ہمارا گاؤں پروگرام میں شرکت کریں گے اور مختلف جلسوں سے خطاب بھی کریں گے۔ بعد ازاں مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کڑپہ میں نئے ایر پورٹ کا افتتاح کریں گے۔ اس افتتاحی تقریب میں مرکزی وزیر ہوا بازی مسٹر پی اشوک گجپتی راجو بھی شرکت کریں گے۔ اس موقع پر بتایا جاتا ہے کہ مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کرپہ کیلئے ریگولر فلائیٹ کا بھی اعلان کریں گے۔ مسٹر سی ایم رمیش قائد تلگودیشم پارٹی نے یہ بات کہی۔ انہوں نے بتایا کہ اس موقع پر چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو سے ضلع کڑپہ کے زیر التواء مختلف پراجکٹوں کی عاجلانہ تکمیل کیلئے اقدامات کرنے کی خواہش کی جائے گی۔