حالت نشہ میں ایک شہری سے بدسلوکی ‘ دو کانسٹبلس معطل

حیدرآباد 21 مئی (سیاست نیوز) کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر انجنی کمار نے عوام سے بدسلوکی کرنے والے 2 پولیس کانسٹبلس کو معطل کردیا۔ بتایا جاتا ہے کہ سٹی آرمڈ ریزرو ہیڈ کوارٹر سے وابستہ کانسٹبل اے نوین اور پولیس اسٹیشن سنتوش نگر سے وابستہ پولیس کانسٹبل راہول کو معطل کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ پولیس کانسٹبلس نے ایک شہری کے ساتھ حالت نشہ میں بدسلوکی کی تھی اور اِس ضمن میں سعیدآباد پولیس اسٹیشن میں ایک مقدمہ بھی درج کیا گیا تھا۔ کمشنر پولیس نے اس واقعہ کا سخت نوٹ لیتے ہوئے اس کی تحقیقات کرائی اور معطلی کے احکامات جاری کئے۔ کمشنر پولیس انجنی کمار نے اپنے بیان میں بتایا کہ حیدرآباد سٹی پولیس عوام کی خدمت کے لئے پُرعزم ہے اور کسی بھی شہری کی عزت نفس کا تحفظ کیا جائے گا۔ اُنھوں نے واضح طور پر یہ بتایا کہ عوام سے بدسلوکی میں پائے جانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور پولیس نے اِس ضمن میں عدم تحمل کی پالیسی اختیار کی جائے گی۔ کمشنر پولیس نے تمام ماتحتین سے اپیل کی ہے کہ وہ عوام سے نرم رویہ اختیار کریں اور اُن سے عزت سے پیش آئیں۔