حالت جنگ میں بھی نماز معاف نہیں

بیدر۔/11جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) آخرت کے لئے توشہ دنیا میں رہ کر ہی تیار کیا جاتا ہے۔یہ بات جماعت اسلامی ہند بیدر کے کمٹھانہ میں ڈاکٹر نذیر احمد کے فارم ہاؤز میں منعقدہ مرد و خواتین، ایس آئی او اور جی آئی او کے تربیتی و تفریحی اجتماع سے مولوی محمد فہیم الدین رکن شوریٰ جماعت اسلامی ہند حلقہ کرناٹک نے بحیثیت مربی کہی۔ انہوں نے مومنانہ زندگی گزارنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ نماز اللہ سے اپنے تعلق کا پیمانہ ہے۔ جو لوگ دنیا میں نماز نہیں پڑھتے وہ اگر قیامت کے دن اللہ کو سجدہ کرنا چاہیں تو سجدہ نہیں کرسکیں گے کیونکہ تب ان کی پیٹھ تختہ ہوجائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ نماز ایسی عبادت ہے جو حالت جنگ میں بھی نہ معاف ہے نہ تاخیر سے پڑھی جائے گی اور یہ کہ جنت میں وہی لوگ جائیں گے جو نماز پڑھتے ہیں۔ مولوی فہیم الدین نے ایک حدیث شریف بیان کی کہ جس نے نماز قائم کی اس نے گویا دین کو قائم کیا۔ صبح کی نشست میں قرآنی واقعات کا حاصل مطالعہ پیش کیا گیا۔ جناب عبدالستار انجینئر نے سورہ یس سے اصحاب القریہ ( یعنی بستی والوں ) کا واقعہ بطور تذکیر بیان کیا اور بتایا کہ اس بستی میں دورسول بھیجے گئے پھر ان کی مدد کیلئے تیسرے رسول کوبھیجا گیا۔ مگر بستی والوں نے تینوں رسولو ں کو رد کردیا۔ اسی اثناء میں شہر کے دور دراز علاقے سے ایک شخص دوڑتا ہوا آیا اور ان رسولوں کی تائید کی۔ لیکن بستی والوں نے اس شخص کو اتنا مارا اور پیٹا کے وہ شہید ہوگیا۔

اللہ تعالیٰ نے اس بندہ کو فوری طور پر جنت میں داخل کردیا اور ان نافرمان بستی والوں کو ایک زبردست آواز کے ذریعہ ہلاک کردیاگیا۔ ڈاکٹر ارشاد نوید نے اصحاب الاخدود کے واقعہ کو بیان کیا۔ یہ وہ لوگ تھے جنہوں نے اہل ایمان کے لئے آگ کے گڑھے کھودے اور ان میں ڈال کر اہل ایمان کو ہلاک کرڈالا۔ لیکن اہل ایمان استقامت کی وہ تصویر بنے رہے کہ آگ کے گڑھوں میں گرنا گوارا کیا لیکن شرک کو انجام نہ دیا۔ ان قرآنی واقعات کے بعد عالمی و ملکی واقعات تحریکی نقطہ نظر سے عنوان کی روشنی میں کھلا مباحثہ ہوا۔ اس مباحثہ میں ہم جنس پرستی پر سپریم کورٹ کا فیصلہ،مظفر نگر کا فساد، انسداد فرقہ وارانہ بل کا پارلیمنٹ میں نہ پیش ہونا کے علاوہ بنگلہ دیش، ایران، شام، فلسطین اور مصر کی فوجی بغاوت پر بحث ہوئی۔ جس کے کوآرڈینیٹر محمد ظفر اللہ خاں تھے ۔ دوپہر کی نشست میں عالمہ ناظمہ نسرین نے ’ حقوق العباد ‘ کے موضوع پر درس حدیث پیش کیا۔ بعد ازاں ادبی محفل آراستہ ہوئی جس میں رفقاء جماعت نے پسندیدہ اشعار، کہانیاں اور لطیفے سنائے اور پہیلیاں بھی۔ پروگرام کا آغاز محمد مقصود علی کی سورۃ الضحیٰ کی تلاوت سے ہوا۔ ایس آئی او کے مجیب الرحمن نے اس کا ترجمہ سنایا۔ ناظم اجتماع سید جمیل احمد ہاشمی تھے۔ بعد نماز عصر اجتماع اختتام کو پہنچا۔