حافظ سعید کے خطبہ جمعہ پر امتناع یو این میں درخواست بھی مسترد

لاہور ؍ نئی دہلی ۔ 7 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ممبئی دہشت گرد حملے کے سرغنہ حافظ سعید کو حکومت نے پاکستان کے صوبہ پنجاب کے لاہور میں جماعت الدعوہ کے ہیڈکوارٹرس میں خطبہ جمعہ دینے سے روک دیا ہے۔ سالہا سال میں شاید یہ پہلی بار ہوگا کہ حافظ سعید لاہور میں موجود رہنے کے باوجود جمعہ کا خطبہ نہیں دے پائیں گے ۔ اس دوران اقوام متحدہ نے حافظ سعید کی یہ اپیل مسترد کردی کہ ممنوعہ دہشت گردوں کی فہرست سے ان کا نام حذف کیا جائے۔ یو این کا یہ فیصلہ ہندوستان کے موقف کیلئے اہمیت رکھتا ہے۔ دریں اثناء پاکستانی حکام نے لاہور میں جماعت الدعوہ کے ہیڈکوارٹر کو مہربند کردیا اور مختلف ممنوعہ گروپوں سے تعلق رکھنے والے زائد از 120 مشتبہ عسکریت پسندوں کو حراست میں لے لیا ہے۔