حافظ سعید کی پاکستانی سکھ برادری سے ملاقات

لاہور 30 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) ممبئی دہشت گردانہ حملوں کے سرغنہ اور جماعت الدعوۃٖ کے سربراہ حافظ سعید نے آج ننکانہ صاحب میں پاکستانی سکھ برادری کے ایک گروپ سے ملاقات کی اور آئندہ انتخابات سے قبل اپنی سیاسی جماعت کیلئے تائید کی اپیل کی ۔ پاکستان میں سکھ برادری کی اکثریت ننکانہ صاحب میں مقیم ہے ۔ ملی مسلم لیگ کے سربراہ سیف اللہ خالد بھی اس ملاقات میں حافظ سعید کے ساتھ تھے ۔ ملی مسلم لیگ جماعت الدعوۃ کا سیاسی ونگ ہے حالانکہ اسے ابھی تک پاکستان الیکشن کمیشن کی جانب سے رجسٹر نہیں کیا گیا ہے کیونکہ اس پر وزارت داخلہ نے اعتراض کیا تھا ۔ سعید نے پاکستان سکھ گردوارہ پربندھک کمیٹی کے سکریٹری جنرل گوپال سنگھ چاؤلہ کی قیادت والے سکھ گروپ سے ملاقات کی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ یہ ملاقات گذشتہ جمعہ کو ہوئی ہے ۔ ان سے خطاب کرتے ہوئے حافظ سعید نے کہا کہ سکھ ایک بہادر قوم ہے لیکن ان پر ہندوستان میں مظالم ہو رہے ہیں۔ سعید نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان بھی اس تعلق سے آواز نہیں اٹھاتی کیونکہ اسے ہندوستان کی دوستی عزیز ہے ۔