کراچی۔6 جنوری(سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی نوجوان بیٹسمین حارث سہیل نے کہا ہے کہ ٹیم انتظامیہ کی جانب سے ڈبل رول ملنے پر ڈبل محنت کررہا ہوں اور خوشی ہورہی ہے کہ مجھے ایک آل راونڈر کی حیثیت سے ٹیم میں جگہ مل رہی ہے۔ فاسٹ بولر محمد عرفان نے کہا ہے کہ1992کے ورلڈ کپ میں وسیم اکرم نے جو کارکردگی دکھائی تھی اسے دہرانا چاہتا ہوں۔ نیشنل اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حارث سہیل نے کہا کہ مستقبل میں مکمل آل راونڈر کی حیثیت سے ٹیم میں جگہ بنا نا چاہتا ہوں اس لئے بولنگ پر محنت کررہا ہوں لیکن اس سے میری بیٹنگ متاثر نہیں ہوگی۔ورلڈ کپ جن وکٹوں پر ہورہا ہے
اس کے مطابق اپنی تیاری کر رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی سیریز میں کارکردگی دکھانے سے میرے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔ماضی میں مجھ پر الزام تھا کہ میں ان فٹ رہتا ہوں لیکن میں مکمل فٹ ہوں اور پاکستان ٹیم میں مستقل جگہ بنانا چاہتا ہوں۔علاوہ ازیںعرفان نے کہا کہ وسیم اکرم میرے آئیڈیل ہیں۔ میں اپنی بولنگ انہی کی طرح کرنا چاہتا ہوں۔ عرفان کے بموجب وہ اپنے قد اور رفتار کی وجہ سے بیٹسمینوں کو پریشان کرتے ہیں۔ مجھے کسی بیٹسمین سے کوئی خوف نہیں ہے۔ دنیا کی صف اول کی ٹیموں کے خلاف کارکردگی دکھانا کوئی آسان کام نہیں ہوگا۔ آسٹریلیا نیوزی لینڈ کی وکٹیں میری بولنگ کے انداز کیلئے سازگار ہیںلہٰذا امید ہے کہ ورلڈ کپ میں میرا اہم کردار ہوگا۔