بودھن /28 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سرکل انسپکٹر پولیس بودھن رورل سرینواسلو نے اپنے دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تیز رفتار ریت لاریوں کو قابو میں رکھنے گزشتہ روز ورنی منڈل پولیس اسٹیشن کے حدود میں تقریباً 100 لاریوں کے خلاف جملہ 30 ہزار روپئے جرمانے عائد کئے گئے۔ سرکل انسپکٹر بودھن (دیہی) نے کہا کہ ریت سے لدی تیز رفتار لاریوں کے سڑکوں سے گزرنے کے دوران ہوا کے دباؤ سے ریت اڑکر راہگیروں کی آنکھوں میں گرتی ہے، جس کے باعث حادثات رونما ہوسکتے ہیں۔ مسٹر سرینواسلو نے کہا کہ ریت کی لاریوں کو آبادی میں 20 کیلو میٹر اور ایک گاؤں سے دوسرے گاؤں کے درمیان کا فاصلہ فی گھنٹہ صرف 40 کیلو میٹر کی رفتار سے طے کرنا چاہئے، اس طرح قانون پر عمل آوری سے سڑک حادثات میں کمی آسکتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ گزشتہ ہفتہ موضع اکبر نگر کے قریب پیش آئے سڑک حادثہ میں ہلاک ہونے والے دو مسلم نوجوانوں کے ورثا کو ضلع انتظامیہ کے علم میں لاکر ریت کے ٹھیکہ دار سے دس لاکھ روپئے معاوضہ دلایا گیا، تاہم معاوضہ کتنا بھی خطیر ہو لیکن انسانی جان کا بدل نہیں ہوسکتا۔ سرکل انسپکٹر نے کہا کہ بیشتر افراد خاص طورپر نوجوان موٹر سائیکل چلاتے ہوئے سیل فون کا آزادانہ استعمال کرتے ہیں، یہ عمل کبھی انتہائی خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔ نوتقرر سرکل انسپکٹر رورل نے ان کے علاقہ میں شامل کوٹگیر، ورنی، رنجل اور ایڑپلی منڈلوں کے عوام سے خواہش کی کہ مواضعات میں اگر کہیں جرائم یا غیر سماجی حرکت دیکھیں تو فوراً انھیں سیل نمبر 9440795412 پر مطلع کریں۔ انھوں نے کہا کہ رنجل منڈل میں 14 تا 25 جولائی کو منعقد ہونے والے مہا پشکرالو کے بندوبست کے لئے موضع کندا کرتی میں خصوصی پولیس چیک پوسٹ قائم کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ پشکرالو کے پرامن انعقاد کے لئے پولیس کے خصوصی دستے متعین کئے جائیں گے۔