جے ڈی یو کے 8 قائدین نے عہدے اور رازداری کا حلف لیا

پٹنہ 2جون (سیاست ڈاٹ کام ) بہار میں قومی جمہوری اتحاد (این ڈ ی اے ) حکومت کی تشکیل کے بعد آج پہلی بار نتیش کابینہ میں توسیع کی گئی اور جنتا دل یونائیٹیڈ (جے ڈی یو) کے آٹھ ارکان کو وزیر کے عہدے اور رازداری کا حلف دلایا گیا۔بہار کے گورنر لال جی ٹنڈن نے راج بھون میں جے ڈی یو کے نریندر یادو، سنجے جھا، ڈاکٹر اشوک کمار چودھری، رام سیوک سنگھ، شیام رجک، نیرج کمار، لکمیشور رائے اور بیمہ بھارتی کو وزیر کے عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔نتیش کابینہ میں جن آٹھ رہنماؤں نے آج وزیر کا حلف لیا ہے ، ان میں تین نیرج کمار، سنجے جھا اور ڈاکٹر اشوک کمار چودھری اسمبلی کے ممبر ہیں۔ وہیں، نریندر نارائن یادو مدھے پورہ لوک سبھا حلقے کے عالم نگر اسمبلی حلقہ، بیمہ بھارتی پورنیہ کے روپولی، رام سیوک سنگھ گوپال گنج کے ہتھوا، شیام رجک پاٹلی پتر کے پھلواري شریف اور لکشمیشور رائے مدھوبنی لوک سبھا حلقے کے لوکھا اسمبلی حلقہ سے رکن اسمبلی ہیں۔ کابینہ توسیع میں چار ایسے لیڈر شامل ہیں جو پہلی بار وزیر بنے ہیں۔ ان میں قانون ساز کونسل کے رکن سنجے جھا اور نیرج کمار اور ممبر اسمبلی رام سیوک سنگھ اور لکشمی شور رائے شامل ہیں۔