نئی دہلی ۔ 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) جے ڈی (یو) سے خارج شدہ رکن پارلیمنٹ صابر علی آج بی جے پی میں شامل ہوگئے اور مودی کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ گجرات کے چیف منسٹر ملک کی قیادت کیلئے ایک انتہائی باصلاحیت شخصیت ہیں۔ صابر علی جو حال تک بہار کے چیف منسٹر نتیش کمار کے انتہائی قریبی اور بااعتماد ساتھی تھے۔ حال ہی میں مودی کی ستائش پر جے ڈی (یو) سے خارج کردیئے گئے تھے۔ قبل ازیں جے ڈی (یو) نے صابر علی، این کے سنگھ کے بشمول اپنے تین ارکان پارلیمنٹ کو راجیہ سبھا کیلئے دوبارہ نامزد کرنے سے انکار کردیا تھاجن کی میعاد آئندہ ماہ ختم ہورہی ہے۔ صابر علی آئندہ لوک سبھا انتخابات کیلئے حلقہ سیہور سے جے ڈی (یو) امیدوار نامزد کئے گئے تھے
لیکن مودی کی ستائش پر پارٹی نے صابر علی کی نامزدگی سے دستبرداری اختیار کرلی ہے۔ صابر علی نے بی جے پی ہیڈکوارٹرز پر اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’مجھے یقین ہیکہ وزارت عظمیٰ کیلئے مودی انتہائی قابل اور باصلاحیت ہیں۔ ان کی قیادت سے اقلیتوں، غریبوں اور محروم طبقات کو فائدہ پہنچے گا‘‘۔ صابر علینے نتیش کمار پر تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ بہار کے چیف منسٹر منافق ہیں۔ صابر علی نے کہا کہ انہیں محض اس لئے خارج کیا گیا کہ انہوں نے صرف یہ کہا تھا کہ ملک کو ایک طاقتور اور صاحب بصیرت لیڈر کی ضرورت ہے۔