جے ڈی ( یو) کے انیل کمار شرما 850کروڑ روپئے کیساتھ مالدارترین امیدوار

پٹنہ۔ یکم اپریل، ( سیاست ڈاٹ کام ) رئیل اسٹیٹ تاجر انیل کمار شرما جو جہان آباد سے جے ڈی ( یو ) کے ٹکٹ پر لوک سبھا انتخابات لڑرہے ہیں ، ان کے اثاثہ جات کے تخمینہ کا اگر جائزہ لیا جائے تو وہ انتخابی امیدواروں میں 850 کروڑ روپیوں کے اثاثے کے ساتھ سب سے زیادہ مالدار ہیں۔ امرپالی گروپ آف کمپنیز کے صدرنشین و منیجنگ ڈائرکٹر 50سالہ شرما کی جائیدادیں زیادہ تر منقولہ ہیں جن کا تخمینہ 815 کروڑ روپئے لگایا گیا ہے۔ ان کے پاس 2.15کروڑ روپئے نقد اور زیورات کا تخمینہ 3.1 کروڑ روپئے ہے۔ ان کے پاس ایک فورڈ انڈیویر کار بھی ہے جو انہوں نے 2004ء میں خریدی تھی۔ مسٹر شرما کی زیادہ تر جائیدادیں خود ان کی کمنپی میں کی گئی سرمایہ کاری کی شکل میں ہیں۔ وہ دہلی میں ہی رہتے ہیں اور بحیثیت ووٹر دہلی کی فہرست رائے دہندگان میں ان کا نام شامل ہے۔

دہلی کے علاوہ گریٹر نوئیڈا ( یو پی ) ، گوا اور پٹنہ میں بھی ان کے مکانات ہیں۔ انکم ٹیکس کیلئے2012-13 میں فائیل کئے گئے ریٹرن میں انہوں نے اپنی سالانہ آمدنی10.36 کروڑ روپئے درج کی ہے ۔ان کی اہلیہ پلوی مشرا کی املاک کا تخمینہ 1.75 کروڑ روپئے لگایا گیا ہے جس میں 1.2کیلو گرم سونے اور چاندی کے زیورات ہیں جن کا تخمینہ 51لاکھ روپئے ہے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ دلچسپ ہوگا کہ اپنے پہلے انتخابی مقابلہ میں انہیں راشٹریہ لوک سمتا پارٹی کے ارون کمار اور راشٹریہ جنتا دل کے سریندر یادو سے سخت مقابلہ درپیش ہے جن کے اثاثہ جات بالترتیب 4اور 5 کروڑ روپئے بتائے گئے ہیں۔ یاد رہے کہ جہان آباد میں دوسرے مرحلہ میں 17اپریل کو انتخابات منعقد شدنی ہیں۔