جے ڈی ایس کی مدد سے بی جے پی حکومت خارج از امکان

کرناٹک میں بی جے پی تازہ انتخابات کیلئے تیار، اور کوئی چارہ نہیں ، یدی یورپا کا انٹرویو
بنگلورو 27 مئی (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک بی جے پی کے سربراہ بی ایس یدی یورپا نے لوک سبھا چناؤ میں جے ڈی ایس ۔ کانگریس مخلوط کی بُری طرح ناکامی کے بعد سے جاری قیاس آرائی کے درمیان کہاکہ اُن کی پارٹی اِس طرح کی صورتحال میں تازہ اسمبلی انتخابات کے حق میں ہے اور اُنھوں نے نئی حکومت کی تشکیل کے لئے علاقائی پارٹی کے ساتھ اتحاد کے امکان کو مسترد کردیا۔ جے ڈی ایس کی مدد کے ساتھ حکومت تشکیل دینے کا کوئی امکان نہیں۔ مَیں کمارا سوامی کی وزارت اعلیٰ میں 20-20 کے قاعدے کا تلخ تجربہ رکھتا ہوں۔ یدی یورپا نے یہاں نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو انٹرویو میں بتایا کہ وہ اپنی غلطی کو دوہرانا نہیں چاہتے ہیں۔ بی جے پی کو کمارا سوامی زیرقیادت حکومت کی تائید سے دستبردار ہونا پڑا تھا کیوں کہ جے ڈی ایس لیڈر نے 2007 ء میں اقتدار کی تقسیم کی معاملت کے تحت 20-20 کے قاعدے کے مطابق سبکدوشی سے انکار کردیا تھا۔ ایک سوال کے جواب میں یدی یورپا نے کہاکہ اُن کی پارٹی تازہ ریاستی انتخابات کے لئے تیار ہے۔ ہماری پارٹی کے لئے اِس کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے۔ اُنھوں نے دعویٰ کیاکہ جے ڈی ایس ۔ کانگریس حکومت کرناٹک کے لوک سبھا حلقوں میں 26 نشستیں ہارنے کے بعد عوام کا بھروسہ کھوچکی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ اِس کے باوجود مخلوط کے پارٹنروں نے حکومت جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جو عوام کے خط اعتماد کے مغائر ہے۔ اُنھوں نے یہ الزام بھی عائد کیاکہ مخلوط کی دونوں پارٹیوں نے عوام کے مسائل جیسے خشک سالی اور ریاست بھر میں پینے کے پانی کے مسئلے کو حل کرنے کے بجائے کسی طرح اقتدار سے چمٹے رہنے کو ترجیح دی ہے۔