بھوبنیشور ۔ 2 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر دیہی ترقی جئے رام رمیش نے آج اس بات پر ناراضگی کااظہار کیا کہ اڈیشہ میں انٹیگریٹیڈ واٹر شیڈ مینجمنٹ پراجکٹ (IWMP) کا مناسب اطلاق نہیں ہورہا ہے حالانکہ مرکز نے 2009-10 اور 2013-14 کے لئے 1595 کروڑ روپئے مختص کئے تھے جبکہ جاری کی گئی رقم 399 کروڑ روپئے ہے اور غیراستعمال شدہ باقی رقم 208 کروڑ روپئے پر مشتمل ہے۔ اگر اڈیشہ حکومت نے مذکورہ پراجکٹس کا اطلاق مناسب طریقہ پر کیا ہوتا جیسا کہ اُسے کرنا چاہئے تھا تو اُس کیلئے مرکز مزید 113کروڑ روپئے گزشتہ چار سالوں کے دوران منظور کرسکتا تھا ۔ جئے رام رمیش نے یہ تمام تفصیلات وزیراعلیٰ نوین پٹنائک کو تحریر کردہ ایک مکتوب میں پیش کیں۔
انھوں نے کہاکہ صرف کرناٹک ریاست کے سوائے دیگر ریاستوں میں IWMP پراجکٹس پر عمل آوری کی رفتار انتہائی سست اور افسوسناک ہے ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ IWMP پراجکٹس کی لانچنگ 2009-10 میں عمل میں آئی تھی جس کے ذریعہ قدرتی وسائل کے ذریعہ اکولوجیکل توازن برقرار رکھنے کے عمل کا احیاء مقصود تھا جیسے فصل کے لئے درکار مٹی ، پانی اور دیگر تاکہ ہمہ جہت فصلوں کی بوائی ممکن ہوسکے ۔ ملک میں آج زراعت کو بہت زیادہ اہمیت دی جاتی ہے جس کیلئے عصری طریقہ کار بھی اپنایا جارہا ہے ۔ ماحولیات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسے طریقہ کار اور مشینیں ایجاد ہوئی ہیں جو ماحولیاتی اور اکولوجیکل توازن برقرار رکھنے میں اہم رول ادا کرتی ہے ۔ انھوں نے دوسری ریاستوں کو بھی ریاست کرناٹک کی تقلید کرنے کی صلاح دی اور کہا کہ صرف ایک ریاست میں عمل آوری ناکافی ہے ۔