جے این یو طلبہ کا پارلیمنٹ تک جلوس غداری کا الزام واپس لینے کا مطالبہ

نئی دہلی۔ 2 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) جواہر لال نہرو یونیورسٹی کے طلبہ نے آج پارلیمنٹ تک احتجاجی جلوس نکالا اور مطالبہ کیا کہ غداری کے الزامات جو طلبہ یونین کے صدر کنہیا کمار اور دیگر دو طلبہ عمر خالد اور انیربن بھٹاچاریہ پر عائد کئے گئے ہیں، حکومت ان سے دستبرداری اختیار کرلے۔ دریں اثناء مرکزی وزیر برائے فروغ انسانی وسائل سمرتی ایرانی کے ایک قریبی ساتھی نے یونیورسٹی طلبہ کے بعض ویڈیو فلموں کی گشت کروائی جو ان کے دعویٰ کے بموجب جعلی ہیں اور اصل ویڈیو میں چھیڑچھاڑ کرکے تیار کئے گئے ہیں۔ اس پر سماجی ذرائع ابلاغ پر پیغامات کا طوفان آگیا جو اس الزام پر احتجاج کررہے تھے۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے کنہیا کی ضمانت منظور ہونے پر اظہار مسرت کیا ہے جبکہ اس کی والدہ نے کہا کہ پوری دنیا کو عنقریب معلوم ہوجائے گا کہ ان کا بیٹا دہشت گرد نہیں ہے جبکہ دہلی ہائیکورٹ نے کنہیا کی ضمانت پر رہائی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ جے این یو میں جو نعرے لگائے گئے وہ بے شک قوم دشمن تھے۔