جے این یو اور حیدرآباد یونیورسٹی تنازعہ پر آج راجیہ سبھا میں بحث

نئی دہلی ۔ /23 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی اور اس کی حلیف جماعتوں نے پارلیمنٹ میں جے این یو اور حیدرآباد یونیورسٹی تنازعہ پر کانگریس و بائیں بازو سے جارحانہ مقابلہ کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس طرح کل راجیہ سبھا میں اس مسئلہ پر مباحث کے دوران محاذ آرائی کی عملاً تیاریاں کرلی گئی ہیں ۔ بی جے پی صدر امیت شاہ نے پارلیمانی پارٹی عاملہ کے ارکان اور این ڈی اے کو جے این یو واقعہ کی تفصیلات بتائیں ۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی اے ارکان کو چاہئیے کہ مباحث کے دوران وہ مختلف واقعات بشمول جے این یو میں کارگل جنگ کے بعد فوجی عہدیداروں پر مبینہ حملے کا مسئلہ بھی اٹھائیں ۔ ذرائع نے بتایا کہ امیت شاہ نے کانگریس نائب صدر راہول گاندھی پر جے این یو تنازعہ میں غداروں کی تائید کا الزام عائد کیا ۔ وزیر فینانس ارون جیٹلی نے غداری کے مقدمہ کا دفاع کیا ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے بھی اجلاس میں شرکت کی اور پارٹی قائدین و حلیفوں سے حکومت کا موقف بیان کیا ۔
صحافیوں اور طلباء پر حملے میں ملوث وکیل گرفتار
نئی دہلی ۔ /23 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) جے این یو اساتذہ اور طلباء کے علاوہ صحافیوں پر پٹیالہ ہاؤز کورٹ میں تین وکلاء کو زدوکوب کرتے ہوئے کیمرے میں قید کرلیا گیا ہے ۔ ان میں سے ایک وکیل یشپال سنگھ کو آج گرفتار کیا گیا جبکہ پولیس پر حملے کے ایک ہفتہ بعد بھی وکیلوں کے خلاف کارروائی نہ کرنے کی بناء شدید دباؤ تھا ۔ آج یہ گرفتاری اس وقت عمل میں آئی جبکہ ایک دن قبل نیوز چیانل نے اسٹینگ آپریشن میں وکیل کو جے این یو اسٹوڈنٹس یونین صدر کنہیا کمار کو زدوکوب کرتے ہوئے دکھایا ۔