جی سدھا رانی کی چیف منسٹر سے ملاقات

آئندہ ہفتہ ٹی آر ایس میں شمولیت کا اعلان متوقع
حیدرآباد ۔ 28۔ اکتوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ میں تلگو دیشم پارٹی کی رکن راجیہ سبھا جی سدھا رانی نے آج نئی دہلی میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کی۔ جی سدھا رانی جن کا تعلق ضلع ورنگل سے ہے، وہ ٹی آر ایس میں شمولیت کا فیصلہ کرچکی ہیں اور بتایا جاتاہے کہ آئندہ ہفتہ وہ باقاعدہ تلگو دیشم سے استعفے اور ٹی آر ایس میں شمولیت کا اعلان کریں گی۔ چیف منسٹر سے ملاقات کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سدھا رانی نے چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کے فلاحی اور ترقیاتی اقدامات کی زبردست ستائش کی۔ اگرچہ انہوں نے اس ملاقات کو غیر سیاسی اور  خیرسگالی ملاقات قرار دیا۔ تاہم چیف منسٹر کی ستائش سے واضح ہورہا ہے کہ ورنگل لوک سبھا کے ضمنی انتخابات کے مسئلہ پر دونوں نے تبادلہ خیال کیا۔ سدھا رانی نے کہا کہ وہ ریاست میں چیف منسٹر کے ترقیاتی و فلاحی اقدامات سے کافی متاثر ہیں اور یہی وجہ ہے کہ انہوں نے چیف منسٹر سے ملاقات کا فیصلہ اختیار کیا۔ انہوں نے ورنگل کو اسمارٹ سٹی کی حیثیت سے ترقی دینے کے فیصلہ پر چیف منسٹر سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے مشن کاکتیہ اور واٹر گرڈ پروگرام کی ستائش کی اور کہا کہ ان پروگراموں سے ریاست کی ترقی ممکن ہوگی۔ سدھا رانی نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد کے سی آر نے جن اسکیمات کا آغاز کیا ہے ، اس سے عوام کافی خوش ہیں ۔ دونوں قائدین کی ملاقات کے وقت پارٹی کے بعض سینئر قائدین موجود تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ ورنگل لوک سبھا کے ضمنی انتخاب میں ٹی آر ایس امیدوار کی کامیابی یقینی بنانے کیلئے چیف منسٹر نے سدھا رانی کو پارٹی میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر کے قریبی رفقاء نے شمولیت کے مسئلہ پر سدھا رانی سے بات چیت کی اور دہلی سے چیف منسٹر کی حیدرآباد واپسی کے بعد شمولیت کے پروگرام کو قطعیت دی جائیگی۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر ٹی آر ایس امیدوار کے مسئلہ پر 29 یا 30 اکتوبر کو سینئر قائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کریں گے اور اس اجلاس میں سدھا رانی بھی موجود رہیںگی۔ حالیہ عرصہ میں اپوزیشن جماعتوں کی مخالف حکومت مہم کو دیکھتے ہوئے ٹی آر ایس نے ورنگل میں اپنا موقف مستحکم کرنے کیلئے تلگو دیشم کے قائدین کی پارٹی میں شمولیت پر توجہ مرکوز کی ہے۔