حیدرآباد ، 24 فبروری (آئی این این) جی ایچ ایم سی کمشنر ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی نے بتایا کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن رواں سال 2,000 مقامات پر سمر کوچنگ کیمپس کا انعقاد عمل میں لائے گا جہاں 55 مختلف نوعیت کے کھیلوں کی تربیت دی جائے گی۔ جی ایچ ایم سی سارے ملک کا واحد کارپوریشن ہے جو گزشتہ کئی برسوں سے سالانہ سمر کوچنگ کیمپس منعقد کرتے ہوئے کھیلوں کے شعبے میں اسٹوڈنٹس کی حوصلہ افزائی کررہا ہے۔ ڈاکٹر جناردھن نے کہا کہ یہ کیمپس گزشتہ سال مختلف وجوہات کے سبب منعقد نہیں کئے جاسکے، جس سے ہزاروں طلبہ کو مایوسی ہوئی۔ تاہم اس سال یہ کوچنگ کیمپس بڑے پیمانے پر منعقد کئے جارہے ہیں۔ انھوں نے اسپورٹس ونگ کے عہدے داروں کو ہدایت دی کہ ان کوچنگ کیمپس کیلئے تیار ہوجائیں اور جی ایچ ایم سی کے تمام پلے گراؤنڈز کو کھیل کود کا سامان فراہم کریں۔ جی ایچ ایم سی اپنے پلے گراؤنڈز اسکولس کو لیز پر دینے کا منصوبہ بھی رکھتا ہے۔ ڈاکٹر جناردھن ریڈی نے یہ بھی بتایا کہ جی ایچ ایم سی 100 روزہ ایکشن پلان کے حصہ کے طور پر لگ بھگ 2,000 نوجوانوں کو نوکریاں فراہم کرے گا۔ انھوں نے مزید کہا کہ جی ایچ ایم سی مستقبل قریب میں سیلف ہیلپ گروپس کو تقریباً 100 کروڑ روپئے کے قرضوں کی فراہمی کا منصوبہ بھی بنارہا ہے۔ اس اسکیم کو ترجیحی طور پر عمل میں لانے کیلئے اربن کمیونٹی ونگ کو مخصوص ہدایات بھی دی گئی ہیں۔