سرینگر ، 3جولائی (سیاست ڈاٹ کام) جموں وکشمیر کے سابق چیف منسٹر عمر عبداللہ نے کہا کہ ہر کوئی جانتا ہے کہ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی نے اشیاء وخدمات ٹیکس (جی ایس ٹی) کے معاملے پر خود کو مرکزی حکومت کے سپرد کردیا ہے ۔ انہوں نے یہ دعویٰ مرکزی وزیر جتیندر سنگھ کے مبینہ تبصرے کہ ’’بی جے پی نے جی ایس ٹی کے معاملے پر سرینڈر نہیں کیا ہے ‘‘، عمر عبداللہ جو کہ حزب اختلاف کی جماعت نیشنل کانفرنس کے کارگذار صدر بھی ہیں، نے مائیکرو بلاگنگ کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک ٹویٹ میں کہا، ’’ہم جانتے ہیں کہ آپ نے سرینڈر نہیں کیا۔ اور ایسا کوئی نہیں کہتا۔ ہر کوئی جانتا ہے کہ یہ پی ڈی پی ہے جس نے رشتے کے لئے کچھ مزاحمت نہ کی‘‘۔جتیندرسنگھ نے اپنے تبصرے میں کہا ہے کہ جی ایس ٹی کو آنے والے تین چار دنوں میں ریاست (جموں وکشمیر) میں نافذ کیا جائے گا اور اس معاملے پر کوئی مفادات سے دستبرداری اختیار نہیں کی گئی ہے ۔ نیشنل کانفرنس کا کہنا ہے کہ جی ایس ٹی کے نفاذ کیلئے آئین ہند کی 101 ویں آئینی ترمیم کو لاگو کرنے سے ریاست کی خصوصی پوزیشن کو شدید زک پہنچے گا۔پارٹی کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر خزانہ عبدالرحیم راتھر نے اتوار کو ایک پریس کانفرنس میں دعویٰ کیا کہ اس آئینی ترمیم کو موجود شکل میں ریاست میں لاگو کرنے سے ٹیکس لگانے اور ٹیکس جمع کرنے کے پورے اختیارات مرکزی حکومت کو منتقل ہوجائیں گے ۔ جی ایس ٹی کے معاملے پر حکومت ، اپوزیشن اور تجارتی انجمنوں کے درمیان اتفاق رائے قائم نہ ہونے کی وجہ سے یکم جولائی کو جموں وکشمیر کو چھوڑ کر باقی سبھی ریاستوں میں جی ایس ٹی کا نفاذ عمل میں آیا۔