جی ایس ٹی فوائد کا سلسلہ جاری رکھنے پر زور

نیا قانون مکمل تائید سے قبول کیا جائے، بی جے پی ارکان سے وزیراعظم کا خطاب
نئی دہلی ۔ 31 ۔ جولائی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج بشمول ہریانہ ، دہلی اور جموں و کشمیر مختلف ریاستوں کے بی جے پی ارکان پارلیمنٹ سے ملاقات کی اور گڈس اینڈ سرویس ٹیکس (جی ایس ٹی) کے تحت حاصل ہونے والے فائدوں کے سلسلہ کی برقراری کو یقینی بنانے پر زور دیا ۔ وزیراعظم نے چھوٹے تاجرین اور بیوپاریوں پر زور دیا کہ وہ حال ہی میں نافذ کردہ جی ایس ٹی کے تحت رجسٹریشن کروائیں ۔ ارکان پارلیمنٹ نے دعویٰ کیا کہ نئے قانون پر چھوٹے تجارتی اداروں میں غیر معمولی جوش و خروش کا اظہار کیا جارہا ہے ۔ ایک سرکاری بیان کے مطابق مودی نے کہا کہ ’’ملک بھر میں جی ایس ٹی کو غیر معمولی تائید کے ساتھ قبول کیا گیا ہے ۔ چھوٹے تاجرین نے نئے قانون کے تحت از خود اپنا رجسٹریشن کروایا ہے ۔ اس بات کو یقینی بنانا چاہئے کہ اس کے فوائد کا تسلسل برقرار رکھا جائے ‘‘۔ جموں و کشمیر ، دہلی و ہریانہ کے علاوہ پنجاب ، اتراکھنڈ اور ہماچل پردیش اور چندی گڑھ کے بی جے پی ارکان بھی وزیراعظم سے ملاقات کے دوران موجود تھے ۔ مودی نے ان ارکان پارلیمنٹ پر زور دیا کہ بشمول نئی اسکیم پردھان منتری ودیا وندنا یوجنا مختلف فلاحی اسکیمات سے بزرگ شہریوں کے استفادہ کو یقینی بنایا جائے ۔ (پی ایم وی وی وائی ) کے تحت بزرگ شہریوں کو 8 فیصد شرح سود دی جاتی ہے ۔ پارلیمنٹ کے رواں مانسون اجلاس کے دوران مودی کی اپنی رہائش گاہ پر بی جے پی ارکان پارلیمنٹ کے ساتھ ہی چھٹویں ملاقات تھی۔