جی ایس ٹی بل پر خود بی جے پی میں اختلافات

کانگریس کی مخالفت اصل رکاوٹ نہیں ۔ جئے رام رمیش کا ادعا
نئی دہلی 25 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس نے آج جی ایس ٹی بل کی عدم منظوری کیلئے بی جے پی کے داخلی اختلافات کو ذمہ دار قرار دیا اور کہا کہ مجوزہ بالواسطہ ٹیکس کو 18 فیصد تک محدود کیا جانا چاہئے تاکہ اس کے ملک کے غریب عوام پر اثرات نہ ہوسکیں۔ کانگریس لیڈر جئے رام رمیش نے کہا کہ کانگریس نے آندھرا پردیش کو خصوصی موقف کا درجہ دینے جو خانگی رکن کا بل پیش کیا ہے اس کا مقصد جی ایس ٹی بل کو روکنا نہیںہے ۔ انہوں نے کہا کہ جی ایس ٹی مسئلہ پر حکومت بہت زیادہ پر اعتماد ہے تو پھر وہ اس بل کی پیشکشی میں کیوں تاخیر کر رہی ہے ۔ انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ لوگ ( حکومت کے نمائندے ) اس تعلق سے بلند بانگ دعوے کرتے ہیں لیکن جب قطعی قدم اٹھانے کا فیصلہ آتا ہے تو وہ اس سے گریز کرتے ہیں۔ رمیش نے کہا کہ جی ایس ٹی بل کو اس لئے راجیہ سبھا میں پیش نہیں کیا گیا کیونکہ کانگریس اس کی مخالف ہے بلکہ اس لئے نہیں پیش کیا جا رہا ہے کیونکہ بی جے پی کا بھی ایک بڑا حصہ اس بل کے تعلق سے اور اس کے اثرات کے تعلق سے اندیشوں کا شکار ہے ۔ یہی اصل وجہ ہے کہ جی ایس ٹی بل کو راجیہ سبھا میں پیش نہیں کیا گیا ہے ۔ حقیقت ہے کہ خود وزیر اعظم جی ایس ٹی بل کے مخالف تھے جب وہ گجرات کے چیف منسٹر تھے ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں معلوم ہوا ہے کہ اگر جی ایس ٹی بل یو پی انتخابات سے قبل پیش کیا جائے تو اس کے افراط زر پر منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔