جی او 69 پر عمل آوری کا مطالبہ

نارائن پیٹ میں بھوک ہڑتال آج چوتھے دن میں داخل
نارائن پیٹ۔28 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نارائن پیٹ، کوڑنگل، لفٹ اریگیشن پراجکٹ، جی او نمبر 69 پر عمل آوری کا مطالبہ کرتے ہوئے جاری زنجیری بھوک ہڑتال آج چوتھے دن میں داخل ہوگئی۔ جل سادھنا سمیتی کی جانب سے جاری اس بھوک ہڑتال کی کانگریس پارٹی کی طرف سے تائید و حمایت اعلان کرتے ہوئے پارٹی قائدین اور کارکنوں نے زنجیری بھوک ہڑتال میں حصہ لیا۔ اس موقع پر سینئر کانگریسی قائد مسٹر گھنشام داس درک نے اپنے خطاب میں کہا کہ متحدہ ریاست آندھراپردیش میں کانگریس پارٹی کے دور اقتدار میں اس پسماندہ علاقہ کے دیرینہ مسئلہ کی یکسوئی کے لئے جی او 69 کے ذریعہ نارائن پیٹ، کوڑنگل لفٹ اریگیشن کی منظوری عمل میں لائی گئی تھی۔ جو کہ جیورالہ پراجکٹ کے بیاک واٹر سے 10 ٹی ایم سی پانی کا حاصل کرتے ہوئے اس علاقہ کے ایک لاکھ زرعی اراضی کو سیراب کرنے کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔ مگر تلنگانہ کی تشکیل کے بعد برسر اقتدار ٹی آر ایس پارٹی نے اس جی او کو موخر کرتے ہوئے پالمور رنگاریڈی لفٹ اریگیشن پراجکٹ کے ذریعہ پانی کے حصول کی بات کہی جارہی ہے۔ جو کہ جوئے شیر لانے کے مماثل ہے۔ اس بھوک ہڑتال میں مسرز جی سدھاکر، سرینواس ریڈی (سابق زرعی مارکٹ کمیٹی چیرمین، سدرشن ریڈی موظف پرنسپل سوریا لکشمی ڈگری کالج، منیر احمد فاروقی، منطور تاچی، محمود قریشی، محمد یوسف تاج، کے علاوہ جل سادھنا سمیتی کے قائدین نے حصہ لیا۔