جی او 39 کی منتقلی کیلئے اپوزیشن جماعتوں کا مطالبہ

ظہیرآباد میں کانگریس ، تلگودیشم ، بی جے پی اور سی پی آئی کا احتجاجی دھرنا

ظہیرآباد ۔ /3 اکٹوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کسانوں کی رابطہ کمیٹیوں کی تشکیل کے ضمن میں ریاستی حکومت کی جانب سے جاری کردہ حکمنامہ 39 کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے آج یہاں اپوزیشن جماعتوں کانگریس ، تلگودیشم ، بی جے پی اور سی پی آئی کی جانب سے منڈل پریشد ڈیولپمنٹ آفس کے روبرو ایک احتجاجی دھرنا منظم کیا گیا ۔ بعد ازاں ایک یادداشت ریونیو ڈیویژنل آفیسر محمد عبدالحمید کے حوالے کی گئی جس میں مذکورہ حکمنامہ کو غیر جمہوری قرار دیتے ہوئے اسے فوری منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا گیا اور یہ بھی کہا گیا کہ کسانوں کی رابطہ کمیٹیوں کی تشکیل سے کسانوں کا کوئی فائدہ ہونے والا نہیں ہے اور نہ ہی ان سے دوررس نتائج برآمد ہونے کی امید کی جاسکتی ہے ۔ احتجاج میں کانگریس ، تلگودیشم ، بی جے پی اور سی پی آئی کے سرکردہ قائدین و سرگرم کارکنوں سرینواس ریڈی ، وائی نروتم ، ملک ارجن ،کنڈیم نرسملو ، سید مسعود حسین ، سید جلال ، محمد جہانگیر ، طاہرہ بیگم ، راج شیکھر ، نارائن ریڈی ، ناگ شٹی ، ملاریڈی ، کے رامچندر ، محمد خواجہ میاں ، محمد جعفر ، محمد ماجد ، محمد اکبر حسین، بھومیا ، محمد یوسف ، محمد اطہر غوری ، محمد علی اور دوسروں نے حصہ لیا ۔

 

نارائن پیٹ میں منی واٹر ٹینک کا سنگ بنیاد
نارائن پیٹ ۔ /3 اکٹوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) رکن اسمبلی نارائن پیٹ مسٹر ایس رامچندر ریڈی نے مشن بھگیرتا پروگرام کے تحت نارائن پیٹ منڈل کے مواضعات ، چاچاپور ، بھنگا پور اور کوٹہ کونڈہ میں منی واٹر ٹینک کا افتتاح انجام دیا ۔ مسٹر ایس راجندر ریڈی نے کہا کہ حکومت تلنگانہ ، مشن بھگیرتا پروگرام کے تحت تمام مواضعات اور گھر گھر پینے کے پانی کی سربراہی کو یقینی بنانے کے لئے عملی اقدامات کا آغاز کردیا ہے اور بہت جلد اس اسکیم کے تحت گھر گھر نل کنکشن اور پانی کی سربراہی انجام دی جائے گی ۔ انہوں نے /2 اکٹوبر گاندھی جینتی کے موقع پر ان کاموں کا افتتاح انجام دے کر مسرت کا اظہار کیا اور مہاتما گاندھی کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ۔ اس موقع پر صدر ٹی آر ایس مسٹر کوٹلہ راجو وردھن ریڈی ، مسٹر پرتاپ ریڈی ، وجئے ساگر اور ان مواضعات کے سرپنچوں ایم پی ٹی سی ، ارکان گرام پنچایتوں نے شرکت کی ۔