نئی دہلی ۔ 30 ۔ جنوری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : اداکارہ سے سیاستدان بن جانے والی جیہ پردا نے جنہیں سماج وادی پارٹی سے خارج کردیا گیا ہے ۔ آج کہا ہے کہ بی جے پی میں شمولیت کے لیے پارٹی کے سینئیر قائدین کے ساتھ ان کی بات چیت جاری ہے اور وہ انتخابی مقابلہ کی بجائے عوام کی خدمت کرنا چاہتی ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ وہ بی جے پی میں بحیثیت پارٹی کارکن شامل ہونا چاہتی ہیں اور کسی تنظیمی عہدہ یا انتخابی مقابلہ کی خواہش مند نہیں ہے ۔ قبل ازیں یہ اطلاع آئی تھی کہ اگر وہ بے جی پی میں شامل ہوتی ہیں تو انہیں عام آدمی پارٹی سربراہ اروند کجریوال کے خلاف انتخابی مقابلہ کرسکتی ہیں ۔ اس خصوص میں دریافت کرنے پر جیہ پردا نے بتایا کہ میں نے کبھی ایسا نہیں کہا تھا۔ میں نے صرف بی جے پی میں شمولیت کی خواہش ظاہر کی تھی ۔ لیکن میڈیا نے اسے بڑھا چڑھا کر پیش کردیا اور میں نے کبھی انتخابی ٹکٹ کے بارے میں خواہش نہیں کی ۔ انہوں نے یہ دعوی کیا کہ جب وہ سماج وادی پارٹی میں تھیں اس وقت انہیں ملائم سنگھ یادو کے ساتھ تلخ تجربہ ہوا ۔ لیکن اب میں ، نریندر مودی کی قیادت میں کام کرناچاہتی ہوں اور صحت مند سیاست کی خواہشمند ہوں۔