سنبھل (یوپی) 29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سماج وادی پارٹی کے ڈسٹرکٹ یونٹ صدر فیروز خان کے خلاف اداکارہ سے سیاستداں بننے والی جیہ پردا کے خلاف نازیبا ریمارکس کرنے پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس جمنا پرساد نے کہا ہے کہ حیات نگر پولیس اسٹیشن میں گزشتہ رات ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے بموجب فیروز خان نے مبینہ طور پر جیہ پردا کے متعلق کہاکہ رام پور کی عوام کو جیہ پردا اپنے گھونگرؤں اور ٹھومکوں سے تفریح فراہم کریں گی۔ سوشل اور الیکٹرانک میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوا ہے جس میں فیروز خان یہ کہتے ہوئے سنے گئے ہیں کہ رام پور کی شامیں رنگین ہوجائیں گی۔ اب جب انتخابی ماحول چلے گا۔ جیہ پردا جوکہ سابق میں سماج وادی پارٹی کی امیدوار تھیں لیکن اِس مرتبہ انھوں نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی ہے اور انھوں نے رام پور حلقہ سے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کردیا ہے۔دریں اثناء فیروز خان نے کہا ہے کہ میرے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا ہے کیوں کہ میرا مقصد کسی خاتون کی بے عزتی یا اِن پر ہنسنا نہیں تھا جبکہ جیہ پردا ایک سلیبرٹی ہیں جن کی پورے ملک نے عزت کی ہے اور انھوں نے کئی ایوارڈس بھی جیتے ہیں۔