نئی دہلی۔/18ڈسمبر،( سیاست ڈاٹ کام ) سپریم کورٹ نے آج غیر محسوب اثاثہ جات کیس میں سابق چیف منسٹر تاملناڈو جیہ للیتا کی ضمانت میں مزید 4ماہ کی توسیع کردی ہے اور چیف جسٹس کرناٹک ہائی کورٹ کو ہدایت دی کہ جیہ للیتا کی عرضی پر اندرون 3ماہ فیصلہ کرنے کیلئے خصوصی بنچ کا قیام عمل میں لائیں۔ چیف جسٹس ایچ ایل دتو کی زیر قیادت بنچ نے کرناٹک ہائی کورٹ کویہ ہدایت دی ہے کہ انا ڈی ایم کے سربراہ جیہ للیتا کی اپیل پر روزانہ کی بنیاد پر سماعت کرے۔ جنہوں نے مذکورہ کیس میں سزائے قید کو چیلنج کیا ہے۔ سپریم کورٹ بنچ میں شامل جسٹس اے کے سکرت نے کہا کہ کرناٹک ہائی کورٹ نے 19 نومبر کو جیہ للیتا کی ضمانت منظور کی تھی جس میں مزید 3ماہ 18اپریل 2015تک توسیع کردی گئی جبکہ غیر محسوب اثاثہ جات کیس میں جیہ للیتا کو 4سال کی قید اور 100کروڑ کا جرمانہ عائد کیا گیا اور یہ کیس بی جے پی لیڈر سبرامنیم سوامی نے دائر کیا ہے۔