جیک وارنر کی امریکہ پر جوابی تنقید

پورٹ آف اسپین ‘بیونس آئرس۔10جون (سیاست ڈاٹ کام) فیفا کرپشن اسکینڈل میں حیران کن انکشافات کا سلسلہ جاری ہے جیسا کہ ایک رپورٹ کے مطابق متنازعہ جیک وارنر نے زلزلہ زدگان کو بھی نہیں بخشا، وہ ہیتی میں متاثرہ افراد کیلیے7 لاکھ 50 ہزارڈالرز کی امداد بھی ہڑپ کرگئے تھے۔اسکینڈل میں ملوث امریکہ کو مطلوب تین ارجنٹائنی باشندوں میں سے ایک نے اٹلی میں خود کو پولیس کے حوالے کردیا۔ تفصیلات کے مطابق کرپشن الزامات میں گھرے سابق فیفا نائب صدرجیک وارنر کو زیر اثر بینک اکاونٹس سے ادائیگیوں کی مزید تفصیلات میں نئے الزامات کا سامنا ہے۔ امریکی تفتیش کاروں کے مطابق وارنر کو فیفا اورکورین فٹبال اسوسی ایشن کے عطیہ کردہ 7 لاکھ 50 ہزار ڈالرز ایمرجنسی فنڈز کو استعمال کرنے کے الزام کا سامنا ہے، فنڈز 2010 ہیتی زلزلے سے متاثرہ افراد کیلئے دیے گئے تھے۔امریکی تفتیش کاروں نے الزام لگایاکہ وارنر کی ہدایت پران کے ذاتی استعمال کیلئے رقم زیر اثر اکاونٹس میں منتقل کی گئی تھی، وارنر کو امریکی حکام کی درخواست پر گذشتہ ماہ ٹرینیڈاڈ میں حراست میں لیا گیا اور کرپشن و منی لانڈرنگ کے الزامات پر حوالگی کا سامنا ہے،2012 میں ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو فٹبال فیڈریشن (ٹی ٹی ایف ایف) نے دعویٰ کیا کہ ہیتی کیلئے عطیہ کردہ امداد وارنر کے زیر کنٹرول بینک اکاونٹ میں جمع کروائی گئی تھی۔

فیفا کے 2 لاکھ 50 ہزار ڈالرز اور جنوبی کورین ایف اے کے5 لاکھ ڈالرز ٹی ٹی ایف ایف اکاونٹ میں ادا کئے گئے جو فیڈریشن کے خصوصی مشیر وارنرکے استعمال میں تھا۔دوسری جانب وانر نے ان تمام الزامات کو ایک سازش قرار دیا ہے اور کہا کہ مجھے کسی کو بھی کوئی جواب دینے کی ضرورت نہیں ، جو الزامات لگانا چاہتے ہیں لگائیں۔ انہوں نے امریکہ پر یہ بھی الزام لگا کہ امریکہ اس معاملے کو انجام دینے کے قابل نہیں اور وہ بہتر انصاف نہیں کرسکے گا۔ فیفا نے ٹی ٹی ایف ایف کی فنڈنگ منجمد کردی ہے۔وارنرمسلسل کسی بھی غلط کام سے انکار کررہے ہیں۔ دریں اثنا فیفا اسکینڈل میں ملوث امریکہ کو مطلوب تین ارجنٹائنی باشندوں میں سے ایک الیجاندرو برزاکو نے اٹلی میں خود کو پولیس کے حوالے کردیا، امریکی تفتیش کاروں کے بموجب 50 سالہ برزاکو نے70 سالہ ارجنٹائنی ہوگو جنکس اور 40 سالہ بیٹے ماریانو جنکس کی شراکت میں میڈیا حقوق کے منافع بخش معاہدے جیتنے کیلئے علاقائی فٹبال فیڈریشنزکو رشوت دی تھی۔