جیڈی میٹلہ اور میڑپلی میں دو خواتین کی خود کشی

حیدرآباد ۔ 14 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : سائبر آباد کے علاقہ جیڈی میٹلہ اور میڑپلی پولیس حدود میں پیش آئے دو علحدہ واقعات میں دو خواتین نے خود کشی کرلی ۔ تاہم پولیس کے مطابق ان دونوں کی خود کشی کی وجوہات کا پتہ نہ چل سکا ۔ جیڈی میٹلہ پولیس کے مطابق 30 سالہ سجاتا جو چندرا گیری نگر جیڈی میٹلہ کے ساکن سداپا کی بیوی تھی ۔ اس خاتون نے شوہر کی لاپرواہی سے دل برداشتہ ہو کر خود کشی کرلی ۔ سجاتا بیمار تھی اور اس کی صحت گذشتہ چند روز سے خراب تھی ۔ سجاتا کے شوہر نے اس کا خانگی ہاسپٹل میں علاج کروانے سے انکار کردیا تھا ۔ اور اس خاتون کو وہ ہاسپٹل بھی نہیں لے جایا کرتا تھا ۔ جس سے دل برداشتہ اس خاتون نے انتہائی اقدام کرتے ہوئے کل رات پھانسی لے کر خود کشی کرلی ۔ میڑپلی پولیس کے مطابق 20 سالہ منجولہ جو چنگی چرلہ علاقہ کے ساکن سوملا کی بیوی تھی ۔ اس خاتون نے انتہائی اقدام کرتے ہوئے کل رات خود کشی کرلی ۔ تاہم اس خاتون کی خود کشی کی وجوہات کا پتہ نہ چل سکا ۔ پولیس نے مقدمات درج کرلیے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے ۔۔