جیٹ ایرویز: ارون جیٹلی اور جینت سنہا پر سبرامنیم سوامی کا الزام

نئی دہلی25اپریل(سیاست ڈاٹ کام )بھارتیہ جنتاپارٹی(بی جے پی)رکن پارلیمنٹ سبرمنیم سوامی نے وزیر خزانہ ارون جیٹلی اور شہری ہوابازی کے وزیر مملکت جینت سنہا پر جیٹ ایئرویز کو اسپائس جیٹ کے ہاتھوں کوڑیوں کے دام بیچنے کی سازش کا الزام لگایا۔مسٹر سوامی نے جمعرات کو ایک ٹویٹ میں لکھا،‘‘میں نمو(وزیراعظم نریندرمودی)سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ مسٹر جیٹلی اور مسٹر جینت سنہا کو جیٹ ایئرویز کو اسپائس جیٹ کے ہاتھوں بیچنے کی کوشش نہ کرنے کی ہدایت دیں۔اس معاملے میں امتیاز کرنے اور سرکاری عہدے کے غلط استعمال کی بو آرہی ہے جس سے ہندوستان کے وقار کو نقصان ہوگا۔’’اس سے پہلے بدھ کی رات مسٹر سوامی نے شہری ہوابازی کے وزیر سریش پربھو کو اس سلسلے میں ایک خط لکھا تھا۔اس میں انہوں نے مسٹر جیٹلی یا مسٹر سنہا کا نام لئے بغیر لکھا‘اسپائس جیٹ اور وستارا جیسی پرائیویٹ ایئرویز کمپنیوں کے ذریعہ جیٹ ایئرویز کی پروازیں بند ہونے کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔اس میں انہیں کابینہ میں آپ کے کچھ ساتھیوں اور افسروں کی بھی حمایت مل رہی ہے ۔جن کے نام میں آپ کوذاتی طورپر ملاقات کرکے بتا سکتا ہوں۔’’اس خط میں انہوں نے جیٹ ایئرویز کا سرکاری ایئرلائنز کمپنی ایئرانڈیا میں انضمام کرنے کی صلاح دی ہے ۔انہوں نے مسٹر پربھو سے اپیل کی ہے کہ وہ اس کے لئے کابینہ میں سفارش کریں۔واضح رہے کہ مالی بحران سے دوچار پرائیویٹ ایئرلائن کمپنی جیٹ ایئرویز نے گزشتہ 17مارچ کی رات سے اپنی سبھی پروازیں بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔اس کے سلاٹ عارضی طورپر دوسری ایئرلائنز کو دئے جارہے ہیں۔تنخواہ نہ ملنے کی وجہ سے اس کے کئی پائلٹ،انجینئر اور دیگر ملازمین دوسری کمپنیوں میں جارہے ہیں۔ بازار میں جیٹ ایئرویز کی حصہ داری پر قبضہ کرنے کی اس ہوڑ میں اسپائس جیٹ سب سے آگے ہیں۔

شبیر شاہ کی بیٹی کو ای ڈی سمن پر تنقید
سرینگر ۔ 25 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) صدر پی ڈی پی محبوبہ مفتی نے آج انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی جانب سے 14 سال پرانے منی لانڈرنگ کیس میں علحدگی پسند لیڈر شبیر احمد شاہ کی کم عمر بیٹی کو سمن پر شدید تنقید کی۔ شبیر ان دنوں جیل میں مقید ہے ۔ محبوبہ نے ای ڈی کے اقدام کو شرمناک قرار دیا۔