جیٹلی کے کل جماعتی اجلاس میں شرکت سے کانگریس کا گریز

نئی دہلی 23 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) گذشتہ تین دن سے پارلیمنٹ میں جاری تعطل کے دوران قائد اپوزیشن راجیہ سبھا ارون جیٹلی نے آج ایک کل جماعتی اجلاس طلب کیا تھا جس میں کانگریس نے شرکت سے انکار کردیا ۔ جیٹلی کو کانگریس کے انکار کے بعد اجلاس منسوخ کرنے پر مجبور ہونا پڑا ۔ راجیہ سبھا میں قائد اپوزیشن غلام نبی آزاد سے جب سوال کیا گیا کہ انہوں نے اجلاس میں کیوں شرکت نہیں کی انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں تعطل کا حل اجلاس میں دریافت نہیں کیا جاسکتا تاہم اس کیلئے ایک مرکزی وزیر اور دو چیف منسٹرس کے خلاف کارروائی کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ جیٹلی کا احترام کرتے ہیں اور جب کبھی وہ تعطل ختم کرینگے ان کے ہر اجلاس میں شرکت کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ تعطل اسی وقت ختم ہوسکتا ہے جب مرکزی وزیر سشما سوراج اور دو چیف منسٹروں وسندھرا راجے سندھیا اور شیو راج سنگھ چوہان کے خلاف کارروائی کی جائیگی ۔ انہوں نے اس خیال کو مسترد کردیا کہ اپوزیشن کی صفوںمیں اتحاد نہیں ہے ۔