جیٹلی کی صحت بہتر ، لیکن بجٹ مباحث کا جواب دینے واپس نہیں آئیں گے

نیویارک۔/3 فروری، ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزیر ارون جیٹلی نے کہا ہے کہ امریکہ کے ایک دواخانہ میں ان کا علاج معالجہ اب مکمل ہوچکا ہے لیکن یہ اشارہ بھی کیا کہ پارلیمنٹ میں پیش کردہ عبوری بجٹ پر جاری بحث کا جواب دینے کے لئے وہ ہندوستان واپس نہیں ہوں گے۔ واضح رہے کہ مودی حکومت کی موجودہ میعاد کا چھٹواں اور آخری بجٹ وہ پیش نہیں کرسکے تھے۔ ناسازی صحت کے سبب وہ بغرض علاج امریکہ روانہ ہوئے تھے۔ بجٹ کے روز جیٹلی نے کہا تھا کہ وہ بہت جلد ہند واپس ہوں گے۔

کسانوں کی نقد امداد میں مزید اضافہ ۔جیٹلی کا اشارہ
نیویارک۔/3فروری، ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزیر ارون جیٹلی نے اشارہ دیا ہے کہ چھوٹے کسانوں کو حکومت کی طرف سے دی جانے والی ماہانہ 500روپئے کی نقد امداد کو حکومت کے وسائل میں اضافہ کے ساتھ مستقبل میں مزید بڑھادیا جائے گا اور کہا کہ ریاستوں کو چاہیئے کہ وہ خود اپنی آمدنی کے ذریعہ اس امداد کی رقم میں اضافہ کریں۔ کانگریس کے صدر راہول گاندھی کی طرف سے اس اسکیم کایومیہ 17 روپئے سے تقابل کرتے ہوئے مذاق اڑائے جانے پر جیٹلی نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کو اب بڑا ہونا چاہیئے اور اس حقیقت کو محسوس کرنا چاہیئے کہ وہ کسی کالج کی یونین کے نہیں بلکہ قومی انتخابات میں مقابلہ کررہے ہیں۔